عید میلاد النبی ﷺ پر وادی بھر میں روح پرور مجالس, حضرت بل میں اجتماع عظیم
درود و اذکار کی بابرکت اور پُر نور محفلیں آراستہ،شمال وجنوب میں جلوس برآمد

سرینگر/یکم دسمبر/’’ یوم ولادت باسعادت نبی آخرالزماں ﷺ‘‘کی مناسبت سے ’’عیدمیلادالنبیﷺ کی بابرکت تقاریب اور رُوح پرورمجالس‘‘کااہتمام تزک واحتشام اورانتہائی عقیدت واحترام کیساتھ کیاگیاجبکہ/ شب خوانی کے بعد تاریخی آثارشریف درگاہ حضرتبل میں نمازفجرسے نمازعشاء تک لاکھوں فرزندان توحید موئے مقدس سروردوعالمﷺ کے دیدارسے فیضیاب ہوئے ۔اس دوران نمازجمعہ کے موقعہ پردرگاہ حضرتبل اورتاریخی جامع مسجد سرینگر، جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار ، بارہمولہ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ اورسیر ہمدان میںعاشقان رسولﷺ کاسیلاب اُمڈآیا ، اورانہوں نے نبی آخر الزماں،حضور پُرنور ﷺ کے تئیں اپنی والہانہ عقید ت ومحبت کا اظہار کیا ۔درگاہ حضرتبل پہنچنے والے زائرین کی سہولت کیلئے انتظامی،ادارتی اورتنظیمی سطح پرکیمپ لگائے گئے تھے ،جہاں زائرین کوجمعرات کی شام سے ہی یہاں کھانااورچائے وغیرہ مفت فراہم کی گئی ۔ لاکھوں عقیدتمندوں کیلئے یہاں محکمہ صحت اورغیرسرکاری انجمنوں کی جانب سے خصوصی طبی سہولیات بہم رکھی گئی ہیں۔ ادھرزائرین کے بھاری رش کے پیش نظر نگین اور کشمیر یونیورسٹی احاطہ میں گاڑیوں کی پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق یوم ولادت باسعادت سرور کائنات،نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ ،حضور پُر نور ﷺ کی مناسبت سے منائے جانے والی عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں وادی بھر میں روح پرور تقاریب اور اجتماعات کا انعقاد ہوا اور اس سلسلے میں سب سے بڑی اور عظم الشان تقریب آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں لاکھوں فرزندان توحید بشمول مرد وزن نمازفجر،نماز جمعہ،عصر،مغرب اور نماز عشاء کے بعد دیدار موئے مقدس ﷺ کا فیض حاصل کیا ۔ عید میلاد النبیﷺ کی تقریب میں شرکت کیلئے وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ نے درگاہ حضرتبل کا رُخ کیاجبکہ جمعرات کی شام لاکھوں عقیدتمندیہاں شب خوانی کی مجلس میں شرکت کیلئے پہنچے اورانہوں نے پوری رات عبادات اوردرودواذکارمیں محوہوکرگزاری ۔جمعرات کی شام سے ہی حضرتبل کا پورا علاقہ رُوح پرور اسلامی نعروں اور درودحضور ﷺ سے گونج رہا تھا ۔ درگاہ حضرتبل میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے حاضری دینے کے بعد نماز جمعہ ، نماز عصر ، نماز مغرب اور نماز عشاء کے موقعہ پر بھی دیدار موئے مقدس ﷺ کا فیض حاصل کیا جبکہ اس دوران بھی درودحضور ﷺ اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے پورا علاقہ فیوض و برکات سے فیضیاب ہوتا رہا ۔ اس دوران مختلف علاقوں سے آنے والی گاڑیوں میں سوار فرزندان توحید بھی درود حضور ﷺ کا ورد کرتے ہوئے حضرتبل پہنچے ۔ نماز جمعہ اور نماز عصر کے موقعہ پر درگاہ حضرتبل اور اس کے گرد ونواح میں عاشقان رسول ﷺ کا اژدھام نظر آرہا تھا جبکہ لاتعداد زائرین اور عاشقان رسول ﷺ کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے صوبائی وضلع انتظامیہ اور وقف بورڈ کے ساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے بھی خصوصی انتظامات کئے تھے ۔ حضرتبل علاقہ میں زائرین کے بھاری رش کے پیش نظر مختلف علاقوں سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے نگین اور یونیورسٹی احاطہ میں انتظامات رکھے گئے تھے جبکہ عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب کے پیش نظر درگاہ حضرتبل میں نقب زنوں اور چوروں کی سرگرمیوں پر نظر گذر رکھنے اور علاقہ میں صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی اور سرینگر پولیس نے علاقہ میں خصوصی گشتی اسکارڈ بھی تعینات کئے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق  محکمہ صحت کی طرف سے حضرتبل علاقہ میں خصوصی طبی کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ بوقت ضرورت بیماروںکو اسپتال پہنچانے کیلئے کئی ایمبولنس گاڑیوں کو بھی یہاں رکھا گیا تھا ۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے حضرتبل علاقہ میں موبائل بیت الخلاء قائم کئے گئے تھے جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے بھی یہاں ہنگامی طور پر کئی گاڑیوں اور درجنوں ملازمین کو ہمہ وقت سریع الحرکت رکھا تھااور اس کے ساتھ ساتھ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے یہاں واٹر ٹینکر بھی جگہ جگہ تیار رکھے گئے تھے ۔سخت سردی کے باوجودلاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے سرینگرشہر کے مختلف علاقوں اور وادی کے اطراف واکناف سے درگاہ حضرتبل کا رُخ کر کے یہاں منعقدہ عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔درگاہ حضرتبل پہنچنے والے زائرین کی سہولت کیلئے انتظامی،ادارتی اورتنظیمی سطح پرکیمپ لگائے گئے تھے ،جہاں زائرین کوجمعرات کی شام سے ہی یہاں کھانااورچائے وغیرہ مفت فراہم کی گئی ۔ جموں وکشمیربینک ،صورہ انسٹی چیوٹ ملازمین کی تنظیم،محکمہ امورصارفین کے ملازمین کی تنظیم سی اے پی ڈی ایمپلائزایسوسی ایشن اوردیگرکچھ غیرسرکاری تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں میں زائرین کوجمعرات کوشام کاکھانا،رات بھرچائے ،جمعہ کی صبح چائے ،دن کوکھانااوردن بھرپینے کاپانی اورنون چائے ولپٹن چائے فراہم کی گئی ۔اس دوران سرینگرکی تاریخی جامع مسجدمیں نمازجمعہ کے موقعہ پرلاکھوں فرزندان توحید نے باجماعت نماز جمعہ اداکی۔اس موقعہ پرمیرواعظ کشمیرمولوی محمدعمرفاروق نے آقائے نامدارحضوراقدس ﷺ کی سیرت طیبہ پرروشنی ڈالتے ہوئے واضح کیاکہ اُمت مسلمہ ہی نہیں بلکہ پوری عالم انسانیت کیلئے نبی آخرزماں ﷺ کی تعلیمات اوراسوہ حسنہ نمونہ عمل ہی نہیں بلکہ امن ،بھائی چارے،مذہبی رواداری،فلاح وبہبودکی واحد مشعل ہے۔اطلاعات کے مطابق  شہر سرینگر میں جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار کے ساتھ ساتھ بارہمولہ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،کعبہ مرگ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا، اور ان اجتماعات میں بھی ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کر کے نبی آخر الزماں ﷺ کے تئیں اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ۔ اُدھر بارہمولہ ، کھرم سرہامہ ، سیر ہمدان ، آثار شریف پنجورہ شوپیاں میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں خصوصی تقاریب اور اجتماعات کا انعقاد ہوا جن میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی ۔پلوامہ، پانپور اور ترال میں واقع آستان عالیہ میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں روح پرور تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں لوگوںنے شدیدسردی کے باوجود شرکت کی ۔ یہاں کئی تبرکات کی نشاندہی کرنے کے دوران فرزندان توحید کے فلک شگاف نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور درود حضور ﷺ سے پوری فضاء معطر ہوئی ۔ اس دوران یہاں بھی پولیس نے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے تھے ۔ اُدھر کھرم سرہامہ ، سیر ہمدان اور آثار شریف پنجورہ شوپیاں کے علاوہ دیگر کئی علاقوں میں واقع زیارتگاہوں میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے خصوصی اور بابرکت مجالس و تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کر کے حضور پُر نور ﷺ کے تئیں اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔ ادھرٹنل پارواقع مسلم اکثریتی اضلاع و علاقوں بشمول ڈوڈہ،بھدرواہ،کشتواڑ،بانہال،رام بن،راجوری،تھنہ منڈی،پونچھ،سرنکوٹ اور جموں شہر کے کئی علاقوں میں بھی عیدمیلادالنبیﷺ کی تقریب کے موقعہ پر روح پرور اور بابرکت مجالس کا انعقاد ہوا،جن میں لاکھوں فرزندان توحید نے تزک و احتشام کے ساتھ شرکت کی۔

Comments are closed.