رسول اکرم ﷺ کے پیغامِ رحمت امن وسلامتی کی ضمانت:میر واعظ عمر فاروق 

سری نگر؍ رسول اکرم ﷺ کے پیغام رحمت کوامن وسلامتی کی ضمانت قراردیتے ہوئے میرواعظ عمرفاروق نے واضح کیاکہ شریعت پرصدق دلی سے عمل پیرا ہونے میں ہی بحران سے نجات ممکن ہے۔ ولادت با سعادت حضرت فخر کائنات محسن انسانیت جناب حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تقریب سعید کی مناسبت سے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے موقعہ پر ایک عظیم الشان اجتماع میں متحدہ مجلس علماء کے امیر اور حریت کانفرنس (ع)کے چیرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے جناب سرور کائنات شاہنشاہ انبیاء محمد مصطفی ﷺ کی ولادت با سعادت کو بلا امتیاز پوری انسانیت کیلئے نوید ، خوشخبری اور آپ کی مقدس ذات کو انسانیت کیلئے نجات دہندہ او ر حقیقی محسن اعظم قرار دیا۔اپنے تفصیلی وعظ و تبلیغ کے دوران احادیث صحیحہ اور تفاسیر قرآن کریم کی روشنی میں میرواعظ نے آنحضور ﷺ کی ولادت باسعادت کا احاطہ کرتے ہوئے آپ ﷺ کی ولادت باسعادت کی تمام تر جزئیات اور معجزات کو بیان کیا اور کہاکہ حضرت پیغمبر آخر الزماں محمد مصطفی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے ایک عالمی رہنما کی حیثیت سے ایک مثالی نمونہ بناکر اس دنیا میں بھیجا اور دنیا والوں پریہ بات واضح کردی کہ زندگی کے ہر شعبے میں ہر دور اور ہر زمانے میں آپ ﷺ کی مبارک زندگی تعلیمات عالیہ اور اُسوہ حسنہ کو کامل طور پر اپنا کر ہی دارین کی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ذکر و اذکار اور درود پاک ، مناجات اور منقبت کے دوران اجتماعی طور حضرت آمنہ کے لعل حضرت محمد مصطفی ﷺ کے تئیں بھر پور عقیدت و محبت کا خراج پیش کرتے ہوئے حکیم الامت شاعر مشرق علامہ اقبال کے الفاظ میں’’ از تو خواہم یک نگاہے التفات‘‘ کی گذارش کی گئی۔ میرواعظ نے کہا کہ دور حاضر میں جبکہ آج کا مادی انسان طرح طرح کی مشکلات اور مصائب میں گھرا ہوا ہے اور انسانی سماج اور معاشرہ ایک عجیب انتشار اور پرگندگی سے دوچار ہے ایسے میں رسول رحمت ﷺ کی مقدس ذات کے ساتھ عقیدت و محبت اور آپﷺ کی لائی ہوئی شریعت پرصدق دلی سے عمل پیرا ہوکر ہی اس بحران سے نجات حاصل کرنا ممکن ہے۔میرواعظ عمرفاروق نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ رسول رحمت ﷺ کے پیغام رحمت و شفقت اور امن و سلامتی کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کیلئے اپنے کردار و عمل میں سدھار پیدا کریں اور میلاد مصطفی ﷺ کا اصل پیغام اور اُس کی روح کو عام سے عام کرنے کی کوششوں میں تن ، من دھن سے جٹ جانے کیلئے عزم صمیم اورتجدید عہد کریں۔میرواعظ نے اعلان کیا کہ میلاد نبوی ﷺ کے ہمہ جہت پیغام کو عام سے عام تر کرنے کیلئے طے شدہ پروگرام کے مطابق 3 دسمبر2017 ء بروز اتوار بعد نماز ظہر مغل مسجد رعناواری،6 دسمبر2017 بروز بدھوار دن کے10:30 سے جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام خصوصی سیرتی تقریب بمقام میرواعظ منزل راجوری کدل اور 8 دسمبر2017 جمعتہ المبارک کو مرکزی جامع مسجد سرینگر میں حسب روایت مجلس حضرت رحمت للعالمین ﷺ کا اہتمام کیا جارہا ہے لہٰذا ان تمام نورانی ،روحانی اور عرفانی مجالس سے استفادہ کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے۔

Comments are closed.