وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردی کا راج برقرار
سری نگر؍ ’ہڈیوں کوپگھلانے والی ٹھنڈ اورصبح کو شام بنانے والی دُھند‘کی وجہ سے ’شہرسرینگرسمیت پوری وادی میں معمول کی زندگی بُری طرح سے اثرانداز‘ہورہی ہے جبکہ مطلع ابر آلود رہنے اور گہری دھندرہنے کی وجہ سے وادی میں اوقات کاربھی کم ہوئے ہیں۔اس دوران محکمہ موسمیات نے مزیدکئی روزتک وادی میں مطلع ابر آلود رہنے اور صبح کے وقت گہری دھند کی صورتحال جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کچھ بالائی علاقوں میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہرکیا۔ کشمیر وادی میں شدید سردی کی لہر اور صبح کے وقت گہری دھند کی صورتحال جاری ہے ۔اس دوران مسافر بردار اور نجی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو لائٹس جلا کر سفر کرنا پڑا ۔ صبح کے وقت گاڑیاں لیکر نکلنے والے عام لوگوں اور ڈرائیوروں نے بتایا کہ گہری دھند ہونے کی وجہ سے انہیں سفر کرنے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑااور اس دوران انہیں گاڑیوں کی وہ لائٹس چلانا پڑیں جو عمومی طور شام یا رات کے وقت استعمال میں لائی جاتی ہیں ۔کے این ایس کے مطابق حالیہ کئی روزکی طرح ہی جمعہ کی صبح سرینگر شہر میں 10بجے تک اتنی گہری دھند تھی کہ سیول لائنز ، شہر خاص اور دیگر علاقوں میں بہت ہی کم لوگ پیدل یا گاڑیاں لیکر اپنے گھروں سے نکلیں ۔ شدید سردی اور گہری دھند ہونے کی وجہ سے سرینگر شہر میں پہلے ہی دن بھر کے اوقات کار میں کئی گھنٹوں کی کمی آچکی ہے اور لالچوک سمیت جو مصروف ترین بازار صبح 8بجے کھلا کرتے تھے ، اب 10بجے تک بھی بیشتر دکانیں بند رہتی ہیں۔کے این ایس سٹی رپورٹر نے شہر کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی صبح دیکھا کہ گہری دھند اور شدید سردی کے بیچ کس طرح چھوٹے چھوٹے بچے اور بچیاں بستیں اٹھا کر اُن گاڑیوں میں سوار ہو نے کی کوشش کر رہے تھے ، جو گاڑیاں انہیں اسکول تک روزانہ پہنچاتی ہیں۔سرینگر میں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفتر میں تعینات حکام اور ماہرین نے جمعہ کی صبح گہری دھند ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سلسلہ منگل کی صبح بھی جاری رہے گا جبکہ اس دوران سردی کی شدت میں بھی کوئی کمی واقعہ نہیں ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل تنزلی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات سرینگر شہر میں درجہ حرارت منفی 2.9ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے کافی کم ہے ۔ ترجمان کے مطابق گلمرگ اور پہلگام سمیت بالائی علاقے منفی درجہ حرارت کی لپیٹ میں آچکے ہیں اور دونوں سیاحتی مقامات پر رات کا کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 3.4اور منفی 5.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیاگیا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کچھ بالائی علاقوں میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹنل کے آر پار مجموعی طور موسمی صورتحال خشک رہے گی۔
Comments are closed.