ڈاکٹرفاروق اورعمرعبداللہ نے درگاہ حضرتبل میں حاضری دی
سری نگر؍ ؍ ڈاکٹرفاروق اورعمرعبداللہ نے درگاہ حضرتبل میں حاضری دیکریہاں نمازفجراورنمازجمعہ باجماعت اداکی۔اس دوران درگاہِ حضرت بل میں غیرتسلی بخش انتظامات پر نیشنل کانفرنس نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے الزام لگایاکہ موجودہ سرکارکی عدم توجہی کی وجہ سے درگاہ کی انتظامیہ بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ عید میلاد النبی ﷺکے مقدس موقعے پرریاست کے سابق وزیراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نمازِ فجریہاں ادا کی جبکہ پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے دوپہر کے وقت حاضری دیکردرگاہ حضرتبل میں نمازِ جمعہ ادا کی۔ دونوں لیڈران نے وہاں عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، ریاست میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور کشمیری قوم مصائب ، مشکلات اور مظالم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات پانے کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے زائرین سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رحمت باران اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں سے نجات پانے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر ان آزمائشوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن مقدس ہے، آج ہی کے دن نبی آخرزماں محمد مصطفےٰ ﷺکا تولد باسعادت ہوا اور اللہ تبارک و تعالیٰ کی رحمت پوری کائنات پر نازل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مقدس ایام کے دوران اللہ اپنے نیک اور بے لوث بندوں کی دعائیں قبول فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درگاہ ہمارے ملی سرمایہ اور اسلامی تہذیب و تمدن کا گہوارہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان درباروں پر بھی اپنے بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے۔ڈاکٹرفاروق کے ہمراہ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی تھے۔اس دوران درگاہِ حضرت بل میں غیرتسلی بخش انتظامات پر نیشنل کانفرنس نے برہمی نے الزام لگایاکہ موجودہ سرکارکی عدم توجہی کی وجہ سے درگاہ کی انتظامیہ بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ اگرچہ حکومت اور انتظامیہ ذرائع ابلاغ میں عید میلاد کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑی بڑی میٹنگوں کے فوٹو اور فلمیں شائع کرواتی رہیں لیکن آج ناقص اور غیر معقول انتظامات دیکھ کر لوگوں نے حکومت، انتظامیہ اور وقف بورڈ کیخلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو فرش و فروش ڈھنگ سے بچھایا گیا تھا ، مائک و لاؤڈ سپیکروں کا انتظام بھی غیر معقول رکھا گیا تھا اور صحت و صفائی کا بھی فقدان تھا۔ ناصر اسلم وانی نے کہاکہ عیدمیلاد النبیؐ کے دن وادی کے اطراف و اکناف سے بے شمار لوگ درگاہ حضرت بل کا رُخ کرتے ہیں اور سیاسی، سماجی اور دینی تنظیمیں حکومت ، انتظامیہ اور وقف بورڈ سے انتظامات کی اپیلیں کرتے رہتے ہیں ۔ اس کے باوجود بھی مناسب اور معقول انتظامات نہ رکھنا نااہلی اور غیر سنجیدگی کی انتہاہے۔
Comments are closed.