گریز میں دلدوز حادثہ، ڈرائیور اور 2ملازمین جاں بحق

سرینگر/29اکتوبر/کے ایم این/گریز بانڈی پورہ میں ایک ٹاٹا سومو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکرگہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میںسوموڈرائیور اور محکمہ بجلی کے دو ملازمین سمیت3افراد از جان اور ایک مسافرشدید زخمی ہوا ۔بانڈی پورہ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی شام گریز بانڈی پورہ کے وانپورہ کے علاقے میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا۔نمائندے کے مطابق ایک ٹاٹا سوموگاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور سڑک کے کنارے سے لڑھک کرگہری کھائی میں جا گری ۔جس جگہ پر یہ حادثہ پیش آیا، وہ جگہ پہاڑی چٹانوں پر مشتمل ہے جس کے باعث گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوئی ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس ، فورسز اور بچائو رضاکاروں کے دستے جائے واردات پر پہنچ گئے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ بچائو اہلکار دشوار گزر راستوں سے گزرتے ہوئے گاڑی کے ملبے تک پہنچے تو وہاں خون میں لت پت4 مسافر تھے ۔پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کار میں سوار3مسافروں کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی تھی جن میں گاڑی کا ڈرائیور سجاد احمد ماگرے ساکن گریز بھی شامل ہیں۔مرنے والے دو دیگر مسافروں کے نام حفیظ اللہ سامون ساکن گریز اور سنتوش کمار ساکن جموں کے بطور ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ یہ دونوں پائور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گریز میں کام کرتے تھے۔اس حادثے میں شوکت احمد میر ولد محمد ایوب ساکن سوئی بگ بڈگام بری طرح سے زخمی ہوا اور اسے فوری طور اسپتال میں داخل کرایا گیا۔علاقہ انتہائی دو افتادہ ہونے کی وجہ سے حادثے کے بارے میں مزید تفاصیل موصول نہیں ہوسکیں۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد جب مرنے والے مقامی شہریوں کی لاشیں ان کے آبائی گھروں کو پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا۔

Comments are closed.