عزم اور اخلاص ہماری قوت,  مظالم کا مقابلہ کریں گے، سرینڈر نہیں
گیلانی ، میر واعظ اور ملک کی ایک اسٹیج پر قوم کو ایک ہونے کی اپیل

سرینگر/29نومبر/کے پی ایس/سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے بدھ کو حیدرپورہ سرینگر میںایک ہی اسٹیج پر قوم کو ایک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم مظالم کا مقابلہ کریںگے لیکن بھارت کے آگے سرینڈر نہیں کریںگے۔سید علی گیلانی نے عزم اور اخلاص کو قوم کی قوت قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسی قوت کے سہارے ہم منزل مقصود تک پہنچیں گے جبکہ میرواعظ عمر فاروق نے امت مسلمہ میں اتحادواتفاق کے فقدان کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی بھی انتشار کا شکار ہے، جس وجہ سے نہ صرف فلسطین اور کشمیر کے مسائل لٹکے ہوئے ہیں، بلکہ یمن، شام اور دیگر مسلم ممالک بھی آپس میں دست گریبان ہوگئے ہیں۔محمد یٰسین ملک نے کہا کہ رسول رحمتﷺ کی سیرت سے ہمیں اتحاد کا درس ملتا ہے اور موجودہ حالات میں ہمارے لیے بھی اتحاد از بس لازمی ہے، کیونکہ ہم پر ظالموں اور جابروں کی یلغار ہے۔

Comments are closed.