خواتین کپڑوں میںملبوس نوجوان پھانسی پر لٹکتا ہوا پایا گیا ،راجوری میں سنسنی 

سرینگر/28نومبر/

راجوری کے ایک گائوں میں عجیب و غریب اور سنسنی خیز واقعہ کے دوران خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ایک32سالہ نوجوان کو اپنے گھر کے نزدیک درخت سے پھانسی پر لٹکتا ہوا پایا گیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔راجوری سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے منجاکوٹ علاقے میں منگل کی صبح اُسوقت سراسیمگی پھیل گئی جب 32سالہ نوجوان محمد نصیر ولد عبدالحمید ساکن دریری کوپر اسرار طور مردہ پایا گیا۔اطلاع ملتے ہی جب پولیس اسٹیشن منجاکوٹ سے وابستہ اہلکاروںکی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی تو انہوں نے نصیر کو اپنے مکان سے تھوڑی دوری پرایک درخت سے پھانسی پر لٹکتا ہوا پایا۔پولیس کے مطابق محمدنصیر حیرت انگیز طور پرخواتین کیلئے مخصوص سرخ رنگ کا جوڑا پہنے ہوئے تھا اور وہ اسی جوڑے کے دوپٹے کے سہارے پھانسی پر لٹک رہا تھا۔پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد اس کا پوسٹ مارٹم کرایا اور قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش ورثاء کے سپرد کی۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ نوجوان نے کن حالات میں پھانسی پر لٹک گیا۔تاہم پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ آیا یہ خود کشی کا واقعہ ہے یا مذکورہ نوجوان کو پھانسی دیکر قتل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ اس بارے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کے جسم پر عورت کے کپڑے ہونا ایک پر اسرار بات ہے جس کی تہہ تک جانے کی کوشش کی جائے گی ۔اس واقعہ سے علاقے میں سراسمیگی کا ماحول ہے اور لوگ طرح طرح کی چہ مگوئیاں کررہے ہیں۔
ہند پاک کشیدگی کیلئے تنازعہ کشمیر بنیادی وجہ

Comments are closed.