حافظ سعید کی رہائی پر کانگریس کی تالیاں  سمجھ سے باہر ،
ملک برباد کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کریگی /وزیر اعظم 

سرینگر/27 نومبر

پاکستان کی طرف سے حافظ سعید کو رہا کرنے کے معاملے کو لیکر پہلی بار لب کشائی کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور اس کے نائب صدر راہل گاندھی پر چوطرفہ حملہ بولتے ہوئے آج کہا کہ انہیں یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ پاکستانی جیل سے حافظ سعید کو رہائی ملنے پر وہ کس لئے تالی بجا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈوکلام تنازع اور سرجیکل اسٹرائیک پر بھی کانگریس کی سخت نکتہ چینی کی۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات میں انتخابی مہم کی باضابطہ شروعات کرتے ہوئے کچھ کے ضلع ہیڈکوارٹر بھج کے لالن میدان میں اپنی پہلی انتخابی ریلی میں نوٹ بندی ، جی ایس ٹی، گجرات کے تئیں کانگریس کے مبینہ امتیازی سلوک سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن پارٹی پر جم کرحملہ کیا۔گاندھی کی سعید کی رہائی پر حال میں وزیر اعظم کو نشانہ بنا کرکئے گئے ٹویٹ اور ڈوکلام تنازع کے وقت ان کی چینی سفیر سے ملاقات اور سرجیکل اسٹرائیک کے وقت ثبوت مانگنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ پاکستان کی عدالت کے حکم پرحافظ سعید کو رہائی مل گئی۔ انہیں یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کانگریس کس لئے تالیاں بجارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سمجھ میں آتا ہے کہ جب فوج کے جوان ملک کی آن بان شان کے لئے ڈوکلام میں صفر سے نیچے کے درجہ حرارت پر مسلسل 70 دن تک چینی فوج سے آنکھوں میں آنکھ ڈال کر ڈٹے تھے تو آپ چینی سفیر کو گلے کیوں لگا رہے تھے،یہ کس کے فائد ے کے لئے تھا؟ میں یہ سوال پوچھتا ہوں۔پرانی یادوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کے دفتر سے مہا گجرات تحریک کے دوران گجرات کا مطالبہ کرنے والوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔انہوںنے کہا کہ 26/11 میں ممبئی میں ایک حملہ ہوا اور بعد میں اْری میں بھی ایسا ہی حملہ ہوا۔ حکومت-حکومت اور لیڈر۔لیڈر میں فرق کیا ہوتا ہے، یہ اس بات سے واضح ہو جاتا ہے کہ اْر کے حملے کے بعد ہمارے جوانوں نے حملہ آور کو ان کے گھر میں گھس کر مارا، ایک اہم اخبار نے اس سرجیکل اسٹرائیک کے بعد ٹرکوں میں لاش بھر کر لے جانے کی خبرشائع کی تھی، لیکن غریبوں کے گھر میں کھانا کھانے کا ڈرامہ کرکے تصویریں شائع کرانے والے لوگ اس کی ویڈیو یا تصویرکا مطالبہ کر رہے تھے۔ کیا فوج وہاں فلم بنانے کے لئے گئی تھی۔ حافظ سعید کی رہائی اور چینی سفیر سیملاقات کا مزہ لینے والے ان لوگوں کو کم از کم ہلاک جوانوں کا خیال رکھتے ہوئے خاموش رہنا چاہئے تھا۔سرجیکل اسٹرائیک کرنے والے فلم بنانے نہیں گئے تھے۔گجرات انتخابات میں کانگریس کی جانب سے زور شور سے اٹھائے جا رہے نوٹ بندی کے معاملے پر بھی انہوں نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس نے ملک کو تباہ کیا، لوٹ ہی جن کی تاریخ ہے، ان کی تکلیف نوٹ بندی کے ایک سال بعد بھی اسی طرح ہے جیسے کہ کسی خاندان کا تنہا کمانے والا بیٹا گزر گیا ہو۔ وہ ایسے رو رہے ہیں جیسے ان کا سب کچھ تباہ ہوگیا ہے، مودی نے سب کچھ گرا دیا ہے۔ جی ایس ٹی کے معاملے پر کانگریس کے زیر اقتدار حکومتوں کے وزرائ� خزانہ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے اندر تو ہر معاملے پر اتفاق کرتے ہیں لیکن باہر آکر احتجاج کرتے ہیں۔

Comments are closed.