’یہ غلط ہے کہ کشمیر میں سکون ہو چکا ہے‘، کشمیر میں صورتحال اب بھی کشیدہ : زائرہ وسیم

سرینگر 4 ،فروری :کے این ایس / اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ کشمیر میں اب بھی صورتحال کشیدہ ہے، یہ غلط ہے کہ کشمیر میں سکون ہو چکا ہے۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے ایک طویل عرصے بعد ایک پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنے ایک بھارتی مداح کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ الحمد اللہ وہ خیریت سے ہیں، مگر کشمیر میں اضطراب اور غیریقینی کی کیفیت برقرارہے۔وہاب شیخ نامی صارف نے زائرہ کے5 اگست کو کشمیر کے حوالے سے کئے گئے ٹوئٹ کا جواب دیا۔کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابق بالی ووڈ اداکارہ زائرہ نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ کشمیر کا استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘صارف نے تقریباً 6ماہ بعد جواب دیتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور لکھا کہ مشکل وقت گزر چکا ہے۔واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے5 اگست کو ایک ٹوئٹ شیئر کیا تھا جس دن بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 370 اور35 اے کے خاتمے کے بعد کشمیر کی آئینی و قانونی حیثیت تبدیل کردی گئی تھی۔

Comments are closed.