چیف سیکرٹری نے امن و قانون کی صورتحال کا جائیزہ لیا
جموں 22 نومبر/انفو/چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی موجودگی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع ایس پیز نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں امن و قانون، سردیوں کے موسم سے پیدا شدہ صورتحال و دیگر اہم معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری ہوم، ڈویژنل کمشنر جموں، آئی جی پی سی آئی ڈی، آئی جی پی جموں زون و دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہان نے میٹنگ میں اپنے متعلقہ اضلاع میں امن و قانون کی موجودہ صورتحال سے چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر لوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کر کے انہیں موقعہ پر ہی حل کرنے کے اقدامات کریں۔ ڈی جی پی نے سول انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پولیس انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے لوگوں کی مشکلات دور کریں۔ سردیوں کے موسم سے متعلق تیاریوں کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے صوبائی و ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کریں بالخصوص اُن لوگوں کیلئے جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے دی گئی یقین دہانیوں پر عمل درآمد کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں کو من و عن عملائیں تا کہ لوگ اشیائے ضروریہ و دیگر سہولیات کیلئے مشکلات کے شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپٹارٹمنٹ نے پہلے ہی سکیموں کی عمل آوری کے لئے رقومات واگذار کی ہیں۔کشمیر، لداخ اور جموں کے برفیلے علاقوں میں لوگوں کی نقل و حمل میں سہولیت پیدا کرنے کا ذکر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ ایسے تمام علاقوں کو ہیلی کاپٹر خدمات فراہم کی جائیں۔ڈویثرنل کمشنر کشمیر نے میٹنگ میں بتایا کہ دراس اور کرگل سیکٹروں میں 21 نومبر 2017 کو ہیلی کاپٹر کی آزمائشی پرواز کا اہتما م کیا گیا اور ایسی ہی آزمائشی پروازوں کا بندوبست دیگر علاقوں میں بھی کیا جائے گا۔
Comments are closed.