ویڈیو: املر اونتی پورہ میں رات کی تاریکی میں بارودی سرنگ کا پُر اسرار دھماکہ

کئی رہائشی مکانوں کی کھڑکیاں اور شیشے چکنا چور ، لوگوں میں خوف و ہراس

سرینگر/:  قصبہ اونتی پورہ کے املر علاقے میں جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی رات کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پُر اسرار طور پر بارودی سرنگ کا زور دار دھماکہ ہوا ۔ دھماکے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچ گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوئوں نے سڑک کے بیچ و بیچ بارودی سرنگ بچھائی تھی جس کو انہوں نے رات کی تاریکی میں اڑا دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ سی این آئی کو اس ضمن میں نمائندنے نے اطلاع دی ہے کہ اونتی پورہ کے املر علاقے میں دوران شب اس وقت لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے جب ایک زور دار دھماکہ ہوا ۔ نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سنیچروار کی اعلیٰ صبح قریب 3بجے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے ساتھ ہی علاقہ ہل گیا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں زور دار دھماکے کے ساتھ ہی لوگوں میں فکر و تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ کچھ نزدیکی مکانات کی کھڑکیاں اور شیشے چکنا چور ہو گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ دھماکے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم آس پاس کے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچ گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کے ساتھ ہی فورسز کی بھاری تعداد علاقے میں نمودار ہوئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم آخری اطلاعات ملنے تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارودی دھماکہ جنگجوئوں نے دوران شب کیا۔انہوں نے کہا کہ بارودی مواد، املر نامی گائوں میں سڑک کے بیچوں بیچ رکھا گیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ پڑاتاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔( سی این آئی )

Comments are closed.