ویڈیو: شبانہ گرفتاریاں اور این آئی اے چھاپے اور :وادی اور خطہ چناب کے کئی علاقوں میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال

تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیاں مفلوج ،بازار سنسان ، سڑکیں ویران ، حساس علاقوں میں سخت سیکورٹی انتظامات

 

سرینگر: این آئی اے چھاپے ، شبانہ گرفتاریاں اور چھاپوں کے خلاف مشتر کہ مزاحمتی خیمے کی طرف سے دی گئی دو دونوں کی ہڑتال کی کال کے دوسرے دن بھی سرینگر کے کئی علاقوں میں سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ پوری وادی کشمیر ، پونچھ اور بانہال میں ہمہ گیر ہڑتال سے معمول کی زندگی متاثر رہی ۔ہڑتالی کال کے نتیجے میں تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیاں متاثر رہی جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حمل غائب رہی ، اسی دوران کئی علاقوں میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق این آئی اے چھاپوں، شبانہ چھاپوں کے دوران سینکڑوں افراد کی گرفتاریاں ، چھاپوں اور دفعہ 35Aکے خلاف ہو رہی مبینہ سازشوں کے معاملے کو لیکر مشتر کہ مزاحمتی قیادت کی دو روزہ ہڑتالی کال کے دوسرے دن جمعرات کو وادی کشمیر میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال سے معمول کی زندگی کا پہہ مکمل طور جام ہو کر رہ گیا ۔ ہڑتال کی کال کے پیش نظر شرسرینگر کے حساس علاقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ فورسز کو کسی بھی امکانی گڑ بڑھ سے نمٹنے کیلئے تیاری کی حالت میں رکھا گیا تھا۔ سرینگر کے لالچوک اور شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ شب ہی پولیس گاڑیوں کے ذریعے گشت کا انتظام کیا گیا تھا اور حساس علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔فورسزاہلکاروں کو اہم سڑکوں ،چوراہوںاور شاہراہوں پر تعینات کیاگیا تھا۔مائسمہ ، گائوکدل، ریڈ کراس روڑ، ایکسچینج روڑ،بڈشاہ چوک اور ملحقہ سڑکوں پر بھی پولیس اور فورسز کی بھاری تعداد تعینات رہی اور کئی سڑکوں کو دن بھر لوگوں کی آمدورفت کیلئے بند رکھا گیا۔ تاہم شہر کے سول لائنز ائریا میں اگر چہ اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی مگر لوگوں کی نقل و حمل پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں تھی۔ شہر کے کم وبیش تمام علاقوں میںغیر مہلک اسلحہ اور آلات سے لیس سیکورٹی فورسز اور پولیس کو امکانی گڑبڑ سے نمٹنے کیلئے تیار حالت میں دیکھاگیا۔ اس دوران ہڑتالی کال پر شہر اور اسکے گردونواح میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں، دکانیں، تجارتی مراکزا ور دفاتر وغیرہ بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدروفت بھی بری طرح سے متاثر رہی ۔اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر ہمہ گیر ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں اور سڑکیں بھی دن بھر سنسان نظر آئیںجس کی وجہ سے معمول کی زندگی درہم برہم رہی۔ادھر مکمل ہڑتال کے بیچ کئی علاقوں میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہے جس دوران فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ کا استعمال کیا ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے کاروباری اور دیگر سرگرمیاں مفلوج رہیں۔ شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے تمام قصبوں اور دیگر تحصیل ہیڈکوارٹروں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے تمام قصبوں اور دیگر تحصیل ہیڈکوارٹروں میںدکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ سوپور اور شمالی کشمیر میں پتھراؤ کے کسی بھی واقعہ سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی۔ وادی کشمیر کے دوسرے حصوں بشمول وسطی کشمیر کے گاندربل اور بڈگام اضلاع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اِن اضلاع میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔دریں اثنا جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خطہ چناب و پیرپنچال کے مختلف حصوںمیں علیحدگی پسند قیادت کی اپیل پر مکمل ہڑتال رہی جس کے دوران وہاں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت جزوی طور پر معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بھی معمول کی سرگرمیاں جزوی طور پر متاثر رہیں۔(سی این آئی )

Comments are closed.