کانگریس کی جنرل سکریٹری بننے کے بعد سے پرینکا گاندھی ایکشن موڈ میں ہیں۔ اتر پردیش میں کامیاب روڈ شو اور میراتھن میٹنگ کرنے کے بعد وہ اپنے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرنے جا رہی ہیں۔ یہ جلسہ عام گجرات میں منعقد ہوگا اور اس میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی بھی موجود رہیں گے۔ احمد آباد کے اڈالج تری مندر میدان میں یہ عظیم الشان جلسہ عام کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ کے بعد منعقد ہوگا۔ سی ڈبلیو سی کی میٹنگ کے دوران لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی اور تیاریوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
گجرات میں سی ڈبلیو سی کی میٹنگ 60 سال کے بعد منعقد ہونے جا رہی ہے۔ اس میٹنگ میں کانگریس کی مکمل قیادت، بشمول کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس پارلیمانی پارٹی کے قائد ملکارجن کھڑگے، راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد، پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریسی رہنما شامل ہوں گے، جلسہ عام سے پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی کے علاوہ سونیا گناھی بھی خطاب کریں گی۔
گجرات کانگریس کے رکن اسمبلی اور پارٹی ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ اڈالج جلسہ عام حال کے دور کا عظیم ترین جلسہ ہوگا۔
گوہل نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے کہا، ”گجرات میں تاریخ کی عظیم ترین ریلی کے لئے تیاریاں جنگی پیمانے پر کی جا رہی ہیں۔ گجرات میں ایک طرف جہاں مودی اور بی جے پی کے خلاف ناراضگی صاف طور پر نظر آرہی ہے، وہیں عوام اور کانگریس پارٹی کیڈر کا جوش ساتویں آسمان پر ہے۔” انہوں نے کہا، ”پہلی مرتبہ گجرات کے عوام راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی کو ایک پلیٹ فارم پر دیکھیں گے۔”
Comments are closed.