ویڈیو: ’کشمیری مائیں بھٹک جانے والے بچوں سے ہتھیار پھنکوائیں ورنہ وہ مارے جائیں گے: جی او سی
سو گھنٹوں کے اندر ہی جیش قیادت کے خاتمے کا دعویٰ
سرینگر19فروری /سی این ایس / ’’ جو بھی کوئی بندوق اٹھائے گا اسے مار دیا جائے گا’’کی کھلی وارننگ دیتے ہوئے فوج کی پند ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی )لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے دعویٰ کیاکہ ہلاکت خیز پلوامہ خودکش دھماکہ کے محض سو گھنٹوں کے اندر ہی وادی میں جیش محمد کی لیڈر شپ کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ اعلیٰ فوجی کمانڈر نے کہا ہے کہ کشمیری مائیں اپنے بچوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کریں کیونکہ ہتھیار نہ پھینکنے والوں کا انجام موت ہے۔ ا س دوران اس دوران آ ئی جی پی کشمیر ایس پی پانی نے جموں کشمیر میں جنگجوؤں کی بھرتی عمل میں نمایاں کمی واقع ہو نے کاعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ملی ٹنٹ تنظیموں میں کوئی ریکروٹمنٹ نہیں ہوئی ہے اور اس ضمن میں والدین ایک اہم رول ادا کررہے ہیں۔سی این ایس کے مطابق فوج کی پند ویں کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں منگل کی صبح سی آر پی ایف کے آئی جی آپریشنز ذوالفقار حسن اور آئی جی کشمیر سویم پرکاش پانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیتہ پورہ حملہ انجام دینے والے جیش محمد کے ماڈیول کو ہدایات پاکستان سے ملتی تھیں۔لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں نے کہا کہ اْنہوں نے لیتہ پورہ حملے کے بعد ایک سو گھنٹے کے اندر ہی وادی میں جیش محمد نامی جنگجو تنظیم کی لیڈرشپ کو ہلاک کردیا۔انہوں نے کہا کہ مارے گئے جیش لیڈران نے ہی لیتہ پورہ حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔اس حملے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’14 فروری جیسا حملہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ اس کی تحقیقات جاری ہیں اور ایسی بہت سی معلومات ہیں جو شیئر نہیں کی جا سکتیں۔۔انہوں نے کہا کہ لیتہ پورہ حملہ جیش نے کیا جس کی بنیاد پاکستان میں ڈالی گئی ہے۔ اس کا سپورٹ پاکستان کی آئی ایس آئی اور پاکستان کی فوج کررہی تھی۔انہوں نے عسکریت پسندوں کو کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی بندوق اٹھائے گا وہ مارا جائے گا اگر وہ سرنڈر نہ کرے۔ پریس کانفرنس میں جنرل ڈھلوں نے کشمیری ماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ’گمراہ ہو جانے والے‘ بیٹوں سے کہیں کہ وہ ہتھیار ڈال دیں ورنہ انھیں مار دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں کشمیری ماؤں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو سرینڈر کروائیں ورنہ انھیں مار دیا جائے گا۔ بچوں کے پرورش میں ماں کا ایک اہم کردار ہتا ہے۔ آپ اپنے بیٹوں کو بتا دیں کہ وہ واپس آ جائیں ورنہ مارے جائیں گے۔ اس دوران آ ئی جی پی کشمیر ایس پی پانی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں جنگجوؤں کی بھرتی عمل میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ملی ٹنٹ تنظیموں میں کوئی ریکروٹمنٹ نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس ضمن میں والدین ایک اہم رول ادا کررہے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران سی آر پی ایف کے آئی جی آپریشنز ذوالفقار حسن نے کہا کہ سی آر پی ایف نے ملک بھر پھیلے کشمیریوں کی مدد کے لئے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے۔ ذوالفقار حسن نے کہا کہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے کشمیریوں کی مدد کے لئے ایک ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے اور کو ئی بھی کشمیر ی مدد کیلئے ان کا استعمال کرسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے کسی بھی حصے میں کسی کشمیری کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ہماری ہیلپ لائن کے ساتھ رابطہ قام کرسکتا ہے۔
Comments are closed.