بانہال بارہمولہ ریل سروس مسلسل پانچویں روز بھی رہی معطل ، مسافروں میں ناراضگی کی لہر
محکمہ ریلوئے سے معاملے میں مداخلت کی اپیل
سرینگر: مشتر کہ مزاحمتی قیادت کی کال پر ہڑتال کے پیش نظر ریل خدمات کی معطلی کے ساتھ ہی وادی کشمیر کا ریل رابطہ پانچویں روز بھی منقطع رہا جس کے نتیجے میں مسافروں میں محکمہ ریلوئے کے خلاف شدید غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال بھی ریل خدمات کی بار بار معطلی کے نتیجے میں محکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ سی این آئی کے مطابق محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقعہ پر مشترکہ مزاحمتی قیادت کی کال پر سوموار کو ہڑتال رہی جس کے باعث محکمہ ریلوئے نے سوموار کو ایک مرتبہ پھر وادی کشمیر میں ریل خدمات معطل رکھنے کا فیصلہ لیا ۔ اس ضمن میں کشمیر ریل حکام نے بتایا ہے کہ قاضی گنڈ، بانہال ، قاضی گنڈ سرینگر اور بارہمولہ ریل سروس کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ سوموار کو ایک مرتبہ پھر ریل خدمات کی معطلی کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر کا ریل رابطہ مسلسل پانچویں روز بھی بند رہا ۔ واضح رہے کہ بھارتیہ ریل میں تاریخ میں کشمیر واحد ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر ریلوے خسارے میں چل رہی ہے کیوں کہ یہاں مخدوش حالات کی وجہ سے ریل سروس کو بار بار بند کرنا پڑتا ہے ۔ جس کی وجہ سے ریل حکام کو روزانہ لاکھوں روپے خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ ریل ٹریکوں پر سخت حفاظتی انتظامات ہونے کے باوجود بھی ریل معطل رکھنی پڑتی ہے ۔
Comments are closed.