ترال میں نامعلوم بندوق بردار نمودار ، ایک نوجوان پر فائرنگ کرکے اُس کو شدید طورپر زخمی کیا

؂سرینگر؍28 جنوری: ترال میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک شخص پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق ترال میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے راہ چلتے ایک شخص جس کی شناخت طاریق احمد وانی ولد عبدالرشید ساکنہ ریشی پورہ ترال کے بطور ہوئی ہے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی نوجوان کو فوری طورپر اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے حالت نازک قرار دے کر فوری طورپر سرینگر منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نوجوان کے جسم میں تین گولیاں پیوست ہوئی ہیں اور اُس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فورسز اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے اور آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔

Comments are closed.