سینئر صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی سے روکنا جمہوریت پر کاری ضرب

انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کا واقعہ پر شدید رد عمل ،انتظامیہ سے مداخلت کا مطالبہ

سر ینگر// انجمن اردو صحافت جموں کشمیر نے سینئر صحافیوں کو 26جنوری کی تقریب میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے روکنے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعہ کو غیر جمہوری عمل قرار دیا ۔

انجمن کے ترجمان نے اعلی نے کہا کہ بعض سینئر صحافیوں کو سرینگر میں منعقدہ یوم جموریہ کی تقریب میں شامل ہونے سے روکا گیا، ان میں سے کچھ صحافیوں کو سیکورٹی پاس فراہم نہیں کئے گئے تھے جبکہ بعض کے پاس مذکورہ پاس ہونے کے باوجود انہیں شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی،جو کہ ایک قابل مذمت امر ہے ۔انجمن اردو صحافت جموں کشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سینئر صحافیوں کو تقریب کے مقام کے باہر ہی روکا گیا حالانکہ ان کے پاس سیکورٹی پاس بھی تھے ،جو حکام کی طرف سے ہی جاری کئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن اردو صحافت جموں کشمیراس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حکام کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے، جو صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے سے روکنے میں ملوث پائے جائیں۔ترجمان نے کہا کہ انجمن اردو صحافت، ریاستی گور نر سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان پولیس حکام کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ، جو صحافت کی آزدی میں رکاوٹ بنتے ہیں اور جو انہیں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے روکتے ہیں۔

انجمن اردو صحافت جموں کشمیرنے اس نام نہاد رپورٹ کی تفصیل بھی طلب کی ہے جو پولیس کے مطابق سینئر صحافیوں کیخلاف ہے۔ترجمان کے مطابق پولیس صحافیوں کی ’پروفائیلنگ یا سیکریننگ ‘ کررہی ہے ،کون سرکاری تقاریب میں شرکت کر سکتا ہے ،کون نہیں ؟انہوں نے کہا کہ اس طرح کی روایت صحت مند نہیں ہے ۔ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے روکنا قابل مذمت اور خوف و ہراس کی فضا ءپھیلانے کی کوشش ہے۔

ترجمان کا کہناتھا کہ اس سے قبل شوپیان میں فورسز کی جانب سے چار صحافیوں کو پیلٹ فائرنگ سے زخمی کیا گیا ،بارہمولہ میں بھی صحافیوں کو اپنی خد مات انجام دینے سے روکا گیا ،ایسے واقعات جمہوریت کے چوتھے ستون کو کمزور کرنے اور جمہوریت پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے ۔انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے ترجمان نے گور نر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایسے واقعات کا سنجیدہ اور بروقت نوٹس لے ۔

ادھر ایوان صحافت کشمیر (پریس کلب ) کی جانب سے صحافیوں کو یوم جمہوریہ کی تقریب کی رپورٹنگ کی اجازت نہ دینے پراحتجاجی مظاہرہ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں انجمن اردو صحافیوں کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی ۔انجمن کے جن ذمہ داران نے اس احتجاج میں شرکت کی ،اُن میں شاہ عباس ،سید تجمل الاسلام ،بلال فرقانی ،شوکت ساحل ،حیا جاوید ،گلزار احمد وغیرہ شامل ہیں۔

Comments are closed.