گوشت ، مرغ اور انڈے نایاب، سبزیوں کی قیمتوںمیں شدید اضافہ
سرینگر؍26؍جنوری: سرینگر جموں شاہراہ بند رہنے کے نتیجے میں وادی میں غذائی اجناس کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ گوشت ، مرغ ، انڈے نایاب، سبزیوں کے دام بھی بڑھائے گئے ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ گذشتہ 6دنوں سے مسلسل بند رہنے کے نتیجے میں وادی میں غذائی اجناس کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور اشیاء ضروریہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بازاروں میں قحط جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ سبزی اور دیگر اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے ۔ شاہراہ بند رہنے کے نتیجے میں وادی خاص کر شہر سرینگر میں گوشت ، مرغ اور انڈے نایاب ہوچکے ہیں اور شہر سرینگر میں قصابوں کے تمام دکانات بند پڑے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ لوگوں نے بتایا کہ بیماروں کیلئے درکار گوشت بھی مئیسر نہیں ہورہا ہے۔ اس کیساتھ ساتھ سبزیوں کے دام بھی اچانک بڑھائے گئے ہیں ۔ سرینگر جموں شاہراہ بند رہنے کے نتیجے میں وادی میں غذائی اجناس کی شدید قلت نے سماجی مسائل پیدا کئے ہیں ۔ ادھر وادی میں غذائی اجناس کا سٹاک وافرمقدار میں ہونے کے سرکاری دعوے بھی سراب ثابت ہوئے ہیں ۔ انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وادی میں غذائی اجناس کی سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے تاہم سرینگر جموں شاہراہ چند روز بند رہنے کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروںنے غذائی اجناس کے دھام بڑھائے ہیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سرینگر جموں شاہراہ پر ہوئی شدید بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ پر کئی جگہوں پر مٹی کے تودے گرآنے کے ساتھ ساتھ کئی جگہوں پر سڑک دھنس جانے کے نتیجے میں شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا اور آج مسلسل چھٹے روز بھی شاہراہ پر ٹریفک منجمد رہا ۔
Comments are closed.