کشمیر وادی میں تازہ شبانہ برفباری ،آنے والے دنوں میں موسم میں خوشگوار تبدیلی کا امکان :محکمہ موسمیات

سرینگر:٢٥،جنوری ؍کے این این ؍ موسم میں خوشگوار تبدیلی آنے کی پیش گوئی کے بیچ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو گرمائی دارلحکومت سرینگر سمیت کشمیر میں تازہ برفباری ہوئی ،تاہم اسکی شدت حالیہ برفباری کے مقابلے میں انتہائی کم تھی۔چلہ کلان کی 40روزہ مدت 31جنوری کو ختم ہوگی ،تاہم اسکے بعد بھی برفبار ی اور بارشوں کا قو ی امکان ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر اور کشمیر وادی کے بعض علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔جمعرات اور جمعہ کو تازہ برفباری کے سبب سفید ی ہر سو نظر آئی ۔شہری جمعہ کی صبح جب نیند سے بیدار ہوئے ،تو انہوں نے اپنے اردگرد سفید ہی سفید پائی ۔رہائشی مکانوں ،درجتوں کی ٹہنیوں کے ساتھ ساتھ زمین پر سفید پرت بچھ گئی ۔اس دوران جمعہ کو بھی دھوپ چھائوں کا کھیل جاری رہا ۔کبھی دھوپ بادلوں کو چیر کر زمین پر بچھی سفید قالین کوہیروں میں تبدیل کرتی ،تو کبھی سیاہ بادل سورج کی کرنوں کو روک اندھیرا قائم کرتے تھے ۔یہ سلسلہ جمعہ کو وقفے وقفے سے جاری رہا ،تاہم اس کا احساس ہی کچھ اور تھا ۔معلوم ہوا ہے کہ شمال وجنوب کے میدانی علاقوں میں بھی صورتحال ایسی دیکھنے کو مل رہی تھی ۔وادی کے دیگر کئی میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم میں خوشگوار تندیلی متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.3ڈگری ،گیٹ وے آف کشمیر ،قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2ڈگری ،گلمرگ جوکہ مشہور عالم سکی ریزاٹ ہے ،میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0ڈگری درج کیا گیا ۔وادی کشمیر کے مشہور ومعروف صحت افزاء مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0ڈگری جبکہ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔امسال سرحدی ضلع کپوارہ میں بھاری برفباری ہوئی ہے ۔اطلاعات کے مطابق اس ضلعے کے بالائی علاقوں میں پانچ سے 10فٹ جبکہ میدانوں علاقوں میں پانچ فٹ کے قریب برفباری ہوئی ۔خطہ لداخ کے لہیہ قصبہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی12.9ڈگری اور کرگل میں منفی19.8ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔جموں میں یہ درجہ حرارت 5.6ڈگری ،کٹرا میں 4.8،بٹوت میں منفی1.2ڈگری ،بانہال میں منفی1.4ڈگری اور بھدرواہ میں منفی0.8ڈگری درج کیا گیا ۔

Comments are closed.