محکمہ پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کے خلاف لوگوںنے شدید غم وغصے کا اظہار
سرینگر/19جنوری /سی این آئی/ برقی رو اور پینے کے پانی کی قلت پر وادی کے کئی علاقوںمیں زور دار احتجاجی مظاہرئے اور محکمہ پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کے خلاف لوگوںنے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دونوں محکموں کی بنیادیں مکمل طور پر کھوکھلی ہو چکی ہیں جوابدہی کے فقدان کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہاہے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا نمائندے کے مطابق شمالی و جنوب کشمیر میں پینے کے پانی کی قلت اور بجلی کی عدم دستیابی نے سنگین رخ اختیار کیا ہے اور مذکورہ علاقوں کے لوگوںنے اجالا ہونے کے ساتھ ہی شاہرائوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے پی ڈی ڈی ، پی ایچ ای محکموں کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ نندر ریش کالونی بمنہ میں احتجاج کرنے والوںنے الزام لگایا کہ تین دن پہلے انہوںنے بجلی کی عدم دستیابی اور پینے کے پانی کی قلت پر احتجاجی مظاہرئے کئے تھے اور انتظامیہ نے انہیں یقین دلایا تھا کہ بجلی و پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں موثر اقدامات اٹھائے جائینگے تاکہ علاقے کے لوگوں کو دوبارہ شکایت کرنے کا موقع دوبارہ نہ مل سکے تاہم انتظامیہ کی یقین دہانی بے بنیاد ثابت ہوئی برقی رو اور پینے کے پانی کی فراہمی کو باقاعدہ بنا نے کیلئے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ چرسو اونتی پورہ میں لوگوںکی کثیر تعداد نے برقی رو کی نایابی پر محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرئے کئے اور احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ چرسو اور اس کے ملحقہ علاقے کئی دنوں سے سورج غروب ہونے کے بعد گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں اور پی ڈی ڈی محکمہ کی جانب سے بیکار پڑے ٹرانسفارمروں کو دوبارہ نصب کرنے اور برقی رو بحال کرنے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جار ہے ہیں۔ ادھر ناگہ بل گاندربل میں سرینگر لہیہ شاہراہ پر کثیر تعداد میں صارفین نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف دھرنا دیا جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی اور بڑی تعداد میں مسافروں کو گاڑیوںمیں درماندہ ہونا پڑا۔ وادی کے دوسرے علاقوںمیں بھی بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے واٹر سپلائی اسکیمیں بیکار پڑی ہیں جس کی وجہ سے کثیر تعداد میں لوگوں کو ندی نالوں سے ناصا ف پانی استعمال کرنے کیلئے لاناپڑرہا ہے اور اس کے نتیجے میں طرح طرح کی بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں۔ پوری وادی میں بجلی کی عدم دستیابی اور پینے کے پانی کی قلت دن بدن سنگین ہوتی جار ہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مجبوراً سڑکوں پر آنا پڑ رہا ہے اور عوامی حلقوں کے مطابق پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای محکموں کی بنیادیں پوری طرح سے کھوکھلی ہو گئی ہیں اور ان محکموںمیں جوابدہی کے فقدان کے باعث لوگوں کو مصائب ومشکلات سے گزرناپڑرہا ہے۔
Comments are closed.