سرینگر/29دسمبر: مرکزی سرکار کی طرف سے جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کرانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا کہ اس کیلئے پہلے ساز ماحول بنانا انتہائی ضروری ہے۔ سی این آئی کو موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل سازگار ماحول قائم کرنا گورنر انتظامیہ خصوصاً مرکز کی ذمہ داری ہے۔الیکشن سے قبل ایسے حالات ہونے چاہئیں جن میں سیاسی کارکن اپنی سرگرمیاں بنا کسی خوف و ڈر کے انجام دے سکے اور ووٹر بھی بے جھجک اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے کیلئے گھر سے نکلے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول قائم کرنے کیلئے قتل و غارت، انکائونٹروں، کریک ڈائونوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے۔ گذشتہ 3سال سے کشمیر کا ہر گھر اور ہر بستی فوج کے سائے میں ہے، خوف و دہشت کا ماحول ختم کرنے کیلئے فوج کو بارکوں میں بھیجا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ جمہوری حکومت کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ عوام بڑھ چڑھ کا اس کے عمل میں حصہ لیں لیکن اگر حالات جوں کے توں رہے تو ایسا ہوپانا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے قیام سے لیکر آج تک گذشتہ4سال سے مسلسل طور کشمیری قوم اضطراب میں ہے۔ وادی اقتصادی اور معیشی بدحالی کی شکار ہوگئی ہے۔ عوامی حکومت کی عدم موجودگی حالات کی مسلسل خرابی کا سبب بن رہی ہے۔ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب انکائونٹر، CASO، گرفتاریوں اورپُرتشدد جھڑپیں رونما نہیں ہوتیں۔ کوئی علاقہ ایسا نہیں جو حالات کی خرابی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ ڈاکٹر کمال نے نئی دلی میں بیٹھے تھنک ٹینک پر زور دیا کہ وہ سرجوڑ کر بیٹھ کے کشمیر میں جاری رکھی گئی سخت گیر پالیسی کے منفی نتائج کا احاطہ کریں اور فوری طور پر افہام و تفہیم اور مصلحت کا راستہ اختیار کریں۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.