اترا کھنڈ میں 7کشمیریوں کے لقمہ اجل ،ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ رنجیدہ

سرینگر/22دسمبر: صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے اترا کھنڈ کے چاردم میں 7کشمیری مزدوروں کے لقمہ اجل بن جانے پر گہرے صدمے اور رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس صدمہ عظیم پر لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان اور لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کو صدمہ عظیم برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔سی این آئی کے مطابق انہوں نے حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور حکومت پر زور دیا کہ زخمی ہوئے افراد کی بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، سینئر لیڈر محمد شفیع اوڑی اور ڈاکٹر سجاد اوڑی نے بھی حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرحومین کے پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔ واقعہ کی خبر سنتے ہی پارٹی لیڈر سجاد اوڑی اترا کھنڈ کے حکام کے ساتھ رابطے میںرہے اور لاشیں وہاں سے روانہ ہونے تک مکمل جانکاری حاصل کرتے رہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے زخمیوں کو ہسپتال میں بہم پہنچائے جارہے علاج و معالجہ کے سہولیات کی بھی جانکاری حاصل کی۔

Comments are closed.