پی ڈی پی کی مزید دو وکٹیں گر گئیں، بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے بغاوت کا جھنڈا بلند کیا

دونوں لیڈروں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا
بشارت بخاری اور پیر محمد حسین کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کیا گیا /پی ڈی پی وائس پرزیڈنٹ

سرینگر؍18 دسمبر: پی ڈی پی کے سینئرلیڈر اور سابق وزیر نے پارٹی کو خیر باد کہہ کر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس بیچ وقف بورڈ کے سابق وائس چیرمین اور پی ڈی پی کے سینئرلیڈروں میں شمار پیر محمد حسین نے بھی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ پی ڈی پی نائب صدر کے مطابق دونوں لیڈروں کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کیا گیا ہے جبکہ محبوب اقبال کو جنرل سیکریٹری کے عہدے سے دستبردار کیا گیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر بشارت بخاری نے پارٹی سے الوداع کہا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ بشارت بخاری نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبدا ﷲ اور بشارت بخاری کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس دوران دونوں لیڈروں کے درمیان شمالی کشمیر کے اہم امورات پر بحث کے بعد بشارت بخاری نے نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ این سی جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بشارت بخاری باضابط طورپر بدھ کے روز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس دوران وقف بورڈ کے سابق وائس چیرمین پیر محمد حسین جو کہ پی ڈی پی کا ایک اہم ستون قرار دیا جا رہا ہے نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا ہے اور نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ پی ڈی پی کے وائس چیرمین عبدالرحمن ویری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بشارت بخاری اور پیر محمد حسین کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیاہے جبکہ محبوب اقبال کو جنرل سیکریٹری کے عہدے سے دستبردار کیا گیا ہے۔

Comments are closed.