مقررین نے منشیات کے استعمال کے رجحان پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا
سرینگر: 70 یوم انسانی حوقو کے سلسلے میں جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے محکمہ اطلاعات کے آڈیٹوریم میں آج ایک تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقعہ پر بولتے ہوئے کمیشن کے چیئرپرسن چیف جسٹس ریٹائیرڈ بلال احمد نازکی نے کہا کہ رواں برس کے دوران ایس ایم ایچ ایس ہسپتال اور پولیس ڈرگ ڈِی اڈکشن سینٹر میں علاج ومعالجہ کے لئے10 ہزار سے زائد افراد کو رجسٹرر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے آج کے دِن کا موضوع ڈرگ ڈِی اڈکشن چُنا گیا ہے۔
منشیات کے عادی کچھ افراد کے ساتھ بات چیت کے اپنے تجربات بانٹے ہوئے جسٹس بلال نازکی نے کہا کہ یہ افراد اپنی ضروریات پورا کرنے کے لئے اپنے گھروں میں چوریاں کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موضوع پر وسیع پیمانے پر بحث ومباحثہ کیا جانا چاہئے تا کہ اس وباء پر موثرطور قابو پایا جاسکے۔جسٹس نازکی نے کہا کہ اس سلسلے میں بنیادی سطح پر جانکاری کو عام کرنے کی ضرورت پے۔
تقریب کے منتظمین نے شرکاء میں اطلاعاتی اور جانکاری مواد تقسیم کیا۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یونائٹیڈ نیشن ڈرگ کنٹرول پروگرام کے ایک سروے کے مطابق کشمیر میں70 ہزار افراد ایسے ہیں جو منشیات کے عادی ہیں اور ان میں سے4 ہزار خواتین ہیں۔سروے کے مطابق منشیات کے عادی افراد کا65 سے70 فیصد حصہ طالب علموں پر مشتمل ہے۔
ذہنی امراض کے سرکاری ہسپتال کی جانب سے فراہم کے گئے اعداد وشمار کے مطابق منشیات کے عادی افراد کی عمر17 اور35 برس کے درمیان ہے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا کہ اس وباء پر قابو پانے کے لئے زمینی سطح پر کاروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سماج کے ہر طبقے کا تعاون لازمی ہے۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ اس ضمن میں جانکاری عام کرنے کے لئے تعلیمی اداروں میں پروگرام منعقد کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے اس وباء پر قابو پانے کے لئے صوبائی اور ضلع سطح پر موثر لائحہ عمل ترتیب دینے پر بھی زور دیا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی کشمیر ایس پی پانی نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے رجحان پر قابو
پانے کے لئے پولیس پبلک پارٹنر شِپ لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس سلسلے میں ایک موثر رول ادا کر رہی ہے۔
تقریب پر ریٹائرڈ جسٹس بشیر احمد کرمانی، ماہر نفسیات ڈاکٹر ارشد حسین، ڈاکٹر مظفر خان، سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین، شعبۂ قانون کے ڈین، شیخ شوکت حسین اور دیگر کئی شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید، ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر، اے ڈی سی بارہ مولہ فاروق احمد بابا، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات محمد اشرف حقاق اور دیگر کئی عہدیدار بھی موجود تھے۔
Comments are closed.