مجہ گنڈ انکائونٹر میں 14برس کے کم عمر لڑکے کی موت قابل افسوس: سجاد غنی لون

جہاں ایسے کم عمر لڑکے ہوں وہاں انتظامیہ کو غیر فوجی کارروائی کرنی چاہئے

سرینگر/10دسمبر/سی این آئی/ سابقہ اعلیحدگی پسند لیڈر اور موجودہ ہند نواز سیاستدان سجاد غنی لون نے مجہ گنڈ انکاونٹر میں 14برس کے کم عمر لڑکے کی ہلاکت پر سخت تشویش اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں غیر فوجی آپریشن کی ضرورت ہے تاکہ نو عمر نوجوانوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے ۔ کرنٹ نیو ز آف انڈیا کے مطابق سابقہ علیٰحدگی پسند حریت لیڈر اور موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحادی سجاد غنی لون نے مجہ گنڈ خونریز جھڑپ میںجاں بحق ہوئے 14برس کے کم عمر لڑکے کی موت پر افسوس اور دکھ کااظہار کرتے ہوئے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ جب کوئی کم عمر نوجوان ایسے واقع میں ہو تو فوج کو اپنی کارروائی ملتوی کرنی چاہئے تاکہ نافہم اور کم عمر نوجوانوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے ۔ انہوںنے کہا کہ چودہ برس کے بچے کی فوجی کارروائی میں ہلاکت ہلادینی والی اور دکھ دینے والی کاررائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بھی ایسا مسئلہ درپیش ہو تو انتظامیہ کو چاہئے کہ فوجی کارروائی ترک کریں اور اور غیر فوجی کارروائی اس کے لئے بہتر ہوگی ۔ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا تھا کہ ایسے کم عمر نوجوان نافہم ہوتے ہیں اسلئے اس طرح کے واقعات میں ایسی کارروائی ہونی چاہے جس میں انسانی جانوں کا زیاں نہ ہوں۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سنیچروار کو فورسز ، فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو اپنی تحویل میں لیکر جنگجو مخالف آپریشن شروع کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی مہم شروع کی جس دوران جنگجوئوں نے فورسز پر اندھا دھند گولیاں چلائی۔ جس کے جواب میں فورسز اور فوج نے بھی گولیاں چلائی اس طرح دوبدو جھڑپ شروع ہوئی اور گذشتہ روز اندھیرے کے سبب کارروائی کو معطل کیا گیا اور آج اتوار کے روز آپریشن پھر سے شروع کیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ اس جھڑپ میں تین جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔

Comments are closed.