نوین چودھری نے مکانات و شہری ترقی، سیاحت، کلچر، تعمیرات عامہ اور

ایف سی ایس سی اے محکموں کے بجٹ سے پہلے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا
سرینگر اور جموں کے علاوہ ریاست کے بڑے قصبوں میںایس ٹی پی تعمیر کرنے کو منظوری دی

جموں: ریاست کے آبی ذخائیر بشمول جھیل ڈل، جہلم، چناب اور توی دریاؤں کو تحفظ دینے کی طویل مدتی حکمت عملی اور جموں وسرینگر شہروں کی شان رفتہ بحال کرنے کی غرض سے حکومت ان دو شہروں میں بڑے ایس ٹی پی قائم کرے گیاور اس طرح کے ایس ٹی پی ریاست کے بڑے قصبوں اور اہم سیاحتی مقامات پر بھی تعمیر کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ حکومت سرینگر اور جموں شہروں میں کثیر المقاصد والے جدید پارکنگ لاٹس تعمیر کرے گی۔اس طرح کی سہولیات کٹرہ قصبہ میں بھی قائم کی جائیں گی تا کہ ٹریفک کی موثر نظامت یقینی بن سکے۔
یہ فیصلہ جات آج پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری کی صدارت میں منعقدہ مکانات و شہری ترقی، سیاحت، کلچر، تعمیرات عامہ، خوارک سول سپلائیز اور امور صارفین محکموں کی پری بجٹ مشاورتی میٹنگوں کے دوران لئے گئے۔
ان پروجیکٹوں پر فوری طور سے کام شروع کرنے کی غرض سے رواں مالی سال کے دوران کچھ رقم مختص کی گئی جبکہ باقی ماندہ رقم اگلے بجٹ میں اُجاگر کی جائے گی۔
میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد بٹ، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس سی اے ڈاکٹر عبدالرشید، سیکرٹری کلچر محمد سلیم ششگر اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مکانات و شہری ترقیاتی محکمہ کے بجٹ منصوبوں کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے پروجیکٹوں کو ترجیحات میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ان پر کام جلد از جلد شروع ہوسکے۔انہوں نے شہری بلدیاتی سہولیات میں بہتری لانے کے حوالے سے فعال پروجیکٹ پیش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جموں اور سرینگر شہروں کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے لئے بھی جامع منصوبے مرتب کئے جانے چاہئیں۔
انہوں نے مختلف محکموں کے لئے جگہ کے مسئلے کو حل کرنے کی غرض سے جے ڈی اے اور ایس ڈی اے کے وائس چئیرمینوں سے کہا کہ وہ اہم مقامات پر اراضی کی نشاندہی کریں تا کہ وہاں مختلف دفاتر کے لئے کثیر رُخی عمارتیں تعمیر کی جاسکیں۔انہوں نے وسائل اور اراضی کو منصفانہ طور سے استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی۔
سیاحت اور ثقافت کے منصوبوں کو زیر بحث لاتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے تمام اہم سیاحتی مقامات پر بنیادی ڈھانچہ سہولیات کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہ گھریلو اور بیرون ملک سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں یہاں کی طرف راغب کیا جاسکے۔ انہوں نے غیر معروف سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنے اور تینوں خطوں میں ثقافتی اہمیے کے حامل مقامات کو اُجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی ز ور دیا تا کہ انہیں سیاحتی نقشہ پر لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبۂ کو ریاست کے اقتصادی منظر نامے میں کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اسے فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔
انہوں نے سیکرٹری سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ اس اہم سیکٹر کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے مجوزہ منصوبے مرتب کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی وسائل کو اُجاگر کے لئے ایک وسیع تشہیری مہم شروع کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے سیاحتی مقامات سے متعلق جانکاری سیاحوں تک پہنچانے کے لئے تشہیری مواد تیار کیا جانا چاہئے اور اسے اہم مقامات اور ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنوں، بس اڈوں اور دیگر ریاستوں میں اہم مقامات پر لوگوں میں تقسیم کیا جانا چاہئے تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ریاست کی طرف راغب کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیتے وقت ماحولیاتی توازن کو ہر صورت میں برقرار رکھاجانا چاہئے۔
میٹنگ کے دوران تعمیرات عامہ، خوراک و سول سپلائیز اورامور صارفین محکموں کے بجٹ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے اپنے اپنے محکموں کی ضروریات کو اُجاگر کیا۔
نوین کمار چودھری نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ غیر ضروری اخراجات سے احتراض کریں۔ انہوں نے محکموں پر زور دیا کہ وہ اندرونی اخراجات پورا کرنے کے لئے اپنے مالی وسائل کو فروغ دیں۔انہوں نے مختلف محکموں کی طرف سے بہم رکھی جارہی خدمات پر ہلکے چارجز لگانے کی بھی صلاح دی۔

Comments are closed.