اسدالدین اویسی کا یوگی آدتیہ ناتھ کو دوٹوک جواب، کوئی بھی ہمیں ملک سے بھگا نہیں سکتا

سرینگر/03دسمبر: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو دھوکہ باز پارٹی قراردیتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی نے کشمیر میں پی ڈی پی جماعت کو دھوکہ دیکر سرکار سے ناطہ توڑ دیا اور پی ڈی پی کو تن تنہا چھوڑ دیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ گزشتہ دنوں یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو اویسی کو حیدرآباد چھوڑ کر بھاگنا پڑے گا۔ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا، ‘یوپی کے وزیر اعلی کہہ رہے ہیں کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت بنے گی تو اویسی کو بھگا دیں گے، جس طرح نظام کو بھگا دئیے تھے۔ میں ان سے پوچھ رہا ہوں، یہ بھگانے کی بات آپ کب سے کر رہے ہیں؟ یہ ملک آپ کا ہے، میرا نہیں ہے؟ ‘یوگی کے نظام کو بھگانے کے بیان پر اویسی نے کہا، ‘آپ تاریخ تو جانتے نہیں، تاریخ میں زیرو ہیں آپ۔ اگر پڑھنا نہیں آتا تو پڑھنے والے سے پوچھو۔ اگر پڑھتے تو معلوم ہوتا کہ نظام حیدرآباد چھوڑ کر نہیں گئے تھے۔انہوںنے بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک دھوکہ باز جماعت قراردیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے کشمیر میں وہاں کے لوگوں کی مقامی جماعت پی ڈی پی کو پہلے اپنے جال میں پھانسکر اقتدار حاصل کیا اور پھر ان کی نیاء کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر حمایت واپس لی جس سے وہ ادھر کے رہے اور نہ اُدھر کے انہوںنے کہا کہ بی جے پی نے اگر پی ڈی پی کو دھوکہ دیا تو وہ ملک کو کیا وفاء کرسکتے ہیں۔اویسی نے کہا، یوگی کے اسمبلی حلقہ میں ہر سال 150 بچے انسیفلائٹس سے مرتے ہیں۔ تمہارے گورکھپور کے دواخانے میں آکسیجن نہیں ہے، تمہیں وہاں کی فکر نہیں ہے، تم یہاں آ رہے ہو۔ یہاں آ کر نفرت کی دیوار کھڑی کرنے کی باتیں کر رہے ہو‘‘۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں تفرقہ پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کا چین و سکون ختم ہوچکاہے۔

Comments are closed.