عمر عبدا ﷲ نے راج بھون کو فیکس کے ذریعے خط ارسال کیا،راج بھون کی فیکس مشین اب بھی خراب پڑی ہوئی ہے

سرینگر؍02دسمبر : گورنر انتظامیہ کی جانب سے سٹیٹ سبجیکٹ قانون میں ترامیم کرنے کی افواہوں کے بیچ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر نے راج بھون کو تحریری طورپر آگاہ کیا اگر ایسا کیا گیا تو اس کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے ہیں۔ عمر عبدا ﷲ کے مطابق جونہی خط کو فیکس کرنا چاہا تو مشین خراب پڑی ہوئی تھی جبکہ آپریٹر نے بتایا کہ آج سارا عملہ چھٹی پر چلا گیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے یہ افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ سٹیٹ سبجیکٹ قانون میں ترامیم کیلئے گورنر انتظامیہ تک دو کر رہی ہے۔ جموں سے شائع ہونے والے کئی انگریزی روز ناموں نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے نام گورنر انتظامیہ نے مکتوب بھی روانہ کئے ہیں جبکہ بی جے پی کے سینئرلیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کوندر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ چونکہ لوگوں کو سٹیٹ سبجیکٹ حاصل کرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرناپڑتا ہے لہذا پی آر سی قانون میں ترامیم کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبدا ﷲ نے راج بھون کو ایک خط ارسال کیا جس میں گورنر ستیہ پال ملک کو آگاہ کیا کہ اگر سٹیٹ سبجیکٹ قانون میں ترامیم کی گئی توا سکے بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ نیشنل کانفرنس اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرئے گی اور کسی کو بھی سٹیٹ سبجیکٹ قانون میں ترامیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمر عبدا ﷲ نے ٹویٹر پر لکھا کہ جونہی میں نے یہ خط فیکس کے ذریعے ارسال کرنا چاہا تو مشین خراب پڑی ہوئی تھی اور جب آپریٹر سے رابط قائم کیا تو اُس نے بتایا کہ راج بھون کا عملہ چھٹی پر چلا گیا کیونکہ آج اتوار ہے۔ عمر عبدا ﷲ نے گورنر پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اتنا سب کچھ ہو گیا لیکن راج بھون میں فیکس مشین اب بھی خراب پڑی ہوئی ہے۔

Comments are closed.