وادی میں دو روز بعد ریل سروس بحال ہوئی لیکن بعد دوپہر اچانک معطل

مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ، محکمہ ریلوئے کے خلاف غم و غصہ کا اظہار

سرینگر/30نومبر: بانہال، سرینگر، بارہمولہ ریل آج جمعہ کے روز دو دنوں بعد بحال ہوئی تاہم بعد میں اچانک پھر سے معطل ہوئی جس کے نتیجے میں مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق کشمیر ریل سروس جمعہ کے روز دو دنوں بعد بحال کی گئی تھی تاہم نمازجمعہ کے بعد اچانک پھر سے معطل کی گئی ۔ بدھ وار کے روز وادی میں دو الگ الگ جھڑپوں میں 4جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر کشمیر ریلوے حکام نے بدھ اور جمعرات کو تمام ریل ٹریکوں پر ریل سروس عارضی طور بند رکھنے کا فیصلہ لیاتھا۔ اس ضمن میں ریلوے کے ایک آفسیر نے بتایا کہ ریل کو احتیاطی طور پر معطل کردیا گیا تھا تاکہ کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔ تاہم آج جمعہ کے روز قاضی گنڈ، بانہال، بڈگام سرینگر اور بارہمولہ کے درمیان ریل سروس بحال کی گئی ۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں نے ریل پکڑ کر سفر کیا ۔ تاہم مسافر اس وقت پریشان ہو گئے جب اچانک بعد دوپہر ریل خدمات پر بریک لگ گئی ۔ واضح رہے کہ وادی میں گذشتہ ایک ہفتے میں قریب ایک درجن عسکریت پسند مختلف جگہوں پر جھڑپوں میں جاں بحق ہوئے ۔جبکہ جھڑپوں کے نتیجے میں وادی میں حالات مخدوش بنے رہے ۔ جس کے چلتے ریل سروس کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ۔

Comments are closed.