مظفرآباد کی خاتون خمریال وارڈ کیلئے بلا مقابلہ سرپنچ کامیاب قرار

موصوفہ کی کامیابی پر علاقہ بھر میں جشن کا سماں ، مٹھائیاں تقسیم

سرینگر/13نومبر: ریاست جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کے پہلے معاملے میں مظفر آباد کی ایک خاتون نے پنچائتی انتخابات میں حصہ لیکر بلامقابلہ کامیابی درج کرلی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق منقسم ریاست جموں و کشمیر کے پاک زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون خمریال کپوارہ کیلئے سرپہنچ منتخب ہوئی ہے ۔ آرفہ بیگم عمر 35برس اہلیہ غلام محمد میر کے بارے میں بتایا جا تا ہے کہ موصوفہ اپنے شوہر غلام محمد کے ہمراہ 2010میں نیپال کے راستے پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے وارد کشمیر ہوئی تھیں ۔عارفہ پاک زیر انتظام کشمیر کے پلنڈری مظفر آباد کی رہنے والی خاتون ہیں جس نے غلام محمد سے وہیں پر شادی کی تھی ۔ موصوفہ نے خمریال (بی) وارڈ کے سرپنچ اور پنچ کیلئے اپنا فارم داخل کیا تھا ۔ تاہم ان کے مقابلے میں کسی نے بھی پنچائتی انتخابات کے حوالے سے فارم داخل نہیں کیا تھا او ر اس طرح سے موصوفہ پنچ اور سرپنچ کے عہدے پر بلا مقابلہ کامیاب قراردی گئی۔اس دوران عارفہ کے خاوند نے خبر رساں ادارے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں قیام کے دوران انہوں نے عارفہ کے ساتھ 2001میں شادی کرلی اور 2010میں مرکزی سرکار کی ایک سکیم کے تحت نیپال کے راستے وارد کشمیر ہوکر حکام کے سامنے اپنے آپ کو پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آرفہ کے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں تھا کیوں کہ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کو معقول حفاظت فراہم کی جائے گی۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ آرفہ کی کامیابی پر علاقہ بھر میں جشن کا سماں پیدا ہوا اور لوگ جوق درجوق غلام محمد کے گھر جاکر ان کی اہلیہ کو مبارکباد دے رہے ہیں جبکہ موصوفہ کو پھول مالائیں پہنچا کر اس کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ ادھر موصوفہ کے رشتہ داروں میں مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں اور خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

Comments are closed.