اپ ڈیٹ :شمال وجنوب میں خونین معرکہ آرائیاں،6جنگجو نوجوان جاں بحق،اہلکار زخمی
کئی علاقوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے، موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل
سرینگرکریری بارہ مولہ اور کھار محلہ آرونی اننت ناگ میں خونین معرکہ آرائی لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین سے وابستہ 6عسکریت پسند جاں بحق ایک پیرا کمانڈو زخمی ۔ کریری اور کھار محلہ آرونی اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس دوران نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے گئے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کریری اور کھار محلہ آرونی میں6 عسکریت پسندوں کو جاں بحق کیا گیا اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکان میں محصور عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ لشکر طبیہ کا اعلیٰ کمانڈر اپنے ساتھیوں سمیت گاﺅں میں پھنس کر رہ گیاہے جنہیں مار گرانے کیلئے اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔
کریری بارہ مولہ میں دس گھنٹوں تک جاری جھڑپ اختتام پذیر ، رہائشی مکان کے ملبے سے سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ سے وابستہ دو عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کی جبکہ آرونی اننت ناگ میں دو جنگجوﺅں کو جھڑپ کے دوران جاں بحق کرنے کا سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اعلیٰ الصبح کریری بارہ مولہ گاﺅں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود عسکریت پسندوں نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک پیرا کمانڈوز زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔
نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ صبح آٹھ بجے سے لے کر شام چار بجے تک سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس دوران رہائشی مکان پر مارٹر گولے داغے گئے جس کے نتیجے میں دو عسکریت پسند جاں بحق ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز اہلکاروں نے رہائشی مکان کے ملبے سے دو لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کی اور اُن کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے جھڑپ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کریری بارہ مولہ میں سیکورٹی فورسز نے رہائشی مکان میں محصور عسکریت پسندوں کو بار بار سرینڈر کرنے کی پیشکش کی تاہم انہوںنے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا اگر چہ کئی بار حفاظتی عملے نے جنگجوﺅں کو باہر آنے کی تلقین کی تاہم وہ لڑنے پر بضد رہے جس کے بعد جوابی کارروائی شروع کی گئی جس کے نتیجے میں دو عسکریت پسند جاں بحق ہوئے اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ باورد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ ادھرجھڑپ شروع ہونے کی خبر پھیلتے ہی کریری بارہ مولہ میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی۔ معلوم ہوا ہے کہ مقامی نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے جھڑپ کی جگہ جانے کی انتھک کوشش کی تاہم وہ چار دائروں والی سیکورٹی کو پار نہ کر سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق جنگجو مقامی ہے۔ دریں اثنا سہ پہر چار بجے کے قریب کھار محلہ آرونی اننت ناگ میں فوج نے ناکہ لگایا جس دوران عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ نوگام سرینگر جھڑپ میں جاں بحق مقامی جنگجو آصف احمد کے ساتھ تعزیت پُرسی کیلئے چار مقامی جنگجو گئے ہوئے تھے کہ فوج کو اس کی اطلاع ملی ۔ ذرائع کے مطابق فورسز اہلکاروں کھار محلہ کے نزدیک ناکہ لگایا اور جونہی عسکریت پسند سیب کے باغ کے نزدیک پہنچنے تو پہلے سے تعینات فورسز اہلکاروں اور جنگجوﺅں کے درمیان آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں2 عسکریت پسندوں کو جاں بحق کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ جھڑپ کے دوران مزید 2عسکریت پسند وں کو جاں بحق کیا گیا اس طرح سے جاں بحق عسکریت پسندوں کی تعداد چار تک جا پہنچی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں عسکریت پسندوں اور سیکورتی فورسز کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ آرونی بجبہاڑہ گاﺅں میں سات عسکریت پسندوں کا ایک گروپ پھنس کر رہ گیا ہے جن میں چار جنگجوﺅں کو مار گرایا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر اور اُس کے دو ساتھی رہائشی مکان میں پھنس کررہ گئے جنہیں مار گرانے کیلئے اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔
ادھر کھار محلہ اننت ناگ میں عسکریت پسندوں کوجاں بحق کرنے کی خبر پھیلتے ہی آرونی ، اننت ناگ اور بجبہاڑہ میں پُر تشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ مشتعل نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز پر چاروں طرف سے پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ۔ نمائندے کے مطابق مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب پولیس کے ایک سینئر آفیسر کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوںنے اس بات کی تصدیق کی کہ کریری بارہ مولہ اور آرونی اننت ناگ میں تصادم آرائیوں کے دوران6عسکریت پسندوں کو مار گرایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے سے جنگجو تنظیم کو شدید دھچکا لگا ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک آرونی بجبہاڑہ میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوںکا تبادلہ جاری تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ یو پی آئی
Comments are closed.