راج ناتھ کا دورہ کشمیر،گورنر سمیت سیاسی شخصیات ووفود سے ملاقی


سرینگر:مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جو آج سرینگر کے ایک روزہ دورہ پر سرینگر پہنچے نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے ریاست کی سیکورٹی صورتحال اور مختلف ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری سمیت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

گورنر نے وزیر داخلہ کو یقین دلایاکہ ریاستی انتظامیہ ترقیاتی سکیموں، بہبودی پروگراموں کی عمل آوری، رشوت خوری کے خاتمے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے ریاست میں شہری بلدیاتی انتخابات کے احسن اور پُر امن انعقاد کے لئے گورنر کو مبارک باد دیتے ہوئے پنچائتی انتخابات کے لئے بھرپور ت تعاون کی یقین دہانی دی۔

ریاست کی سیکورٹی صورتحال اور ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا

 

مرکزی وزیر داخلہ نے کرگل سے گریز تک نئی شاہراہ کی تعمیر کا اعلان کیا

مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج اعلان کیا کہ کرگل سے گریز تک نئی شاہراہ تعمیر کی جائے گی اور اس کیلئے روڈ ٹرانسپورٹ کی مرکزی وزارت کو ڈی پی آر تیار کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔

وزیر داخلہ نے سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران یہ اعلان کیا ۔ میٹنگ میں گورنر ستیہ پال ملک اُن کے تینوں صلاحکار ، مرکزی داخلہ سیکرٹری ، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔


وزیر داخلہ نے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت عملائے جا رہے پروجیکٹوں کی پیش رفت ، جھیل ڈل کے تحفظاتی پروگرام ، ریاست میں آئی آر پی کی پانچ نئی بٹالینوں کے قیام ، حمایت ، اُڑان ، وزیر اعظم کوشل وکاس یوجنا اور وزیر اعظم خصوصی سکالر شپ سکیم سمیت تعلیمی اور کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے متعلق امور کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے پاکستانی مہاجرین ، وزیر اعظم ترقیاتی پروجیکٹ کے تحت مہاجرین کو روز گار فراہم کرنے ، بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام اور بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی کے متصل بنکروں کی تعمیر کا بھی جائیزہ لیا ۔

علاوہ ازیں انہوں نے لداخ کے ترقیاتی منظر نامے کا بھی جائیزہ لیا ۔
چیف سیکرٹری نے ریاست کیلئے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ پیکج کی منظوری میں وزیر داخلہ کی مداخلے طلب کی انہوں نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت حصولِ اراضی کیلئے 1724 کروڑ روپے کی خصوصی معاونت بھی طلب کی ۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے سرینگر رنگ روڈ پروجیکٹ کیلئے اضافی طور 759 کروڑ روپے فراہم کرنے اور سازو سامان خریدنے کیلئے ایس ڈی آر ایف ضوابط میں نرمی کی مانگ کی ۔


وزیر داخلہ نے ایک اعلیحدہ میٹنگ میں ریاست کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ریاست میں شہری بلدیاتی انتخابات کے احسن انعقاد کیلئے ریاستی انتظامیہ ، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی سراہنا کی ۔ انہوں نے آنے والے پنچائتی انتخابات کے سلسلے میں مجموعی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائیزہ لیا ۔


دوپہر کو وزیر داخلہ نے سابق وزراءاعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سے بھی میٹنگیں کیں ۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی ، کانگریس اور بی جے پی کے سیاسی وفود سے بھی ملاقاتیں کیں ۔


دورے کے آخر پر راجناتھ سنگھ نے نہرو گیسٹ ہاوس میں ایک پریس کانفرنس بھی طلب کی ۔
اس سے قبل ٹیکنیکل ائیر پورٹ پہنچنے پر گورنر کے صلاحکار وجے کمار ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ اور دیگر سینئر سول و پولیس افسران نے اُن کا خیر مقدم کیا ۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

Comments are closed.