حزب کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کیخلاف پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا

سرینگر// امریکہ کی جانب سے کشمیری عسکری کمانڈر سید صلاح الدین کے بعد کشمیری عسکری تنظیم حزب المجاہدین کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کیخلاف پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئی۔مظفر آباد سے موصولہ خبروں کے مطابق امریکہ کی جانب سے کشمیری عسکری تنظیم حزب المجاہدین کو دہشتگردی میں ملوث دنیا کی تنظیمات میں شامل کرنے کیخلاف آر پار کشمیری عوام نے امریکہ کے اس اقدام کیخلاف شدید احتجاج کیا، دارالحکومت مظفرآباد کے برہان مظفر وانی چوک شہریان نے شدید احتجاج کیا ، مظاہرہ میں متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان، نائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر شیخ عقیل الرحمان، پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حزب المجاہدین کے کمانڈر محمد اصغر رسول، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، غلام اللہ آزاد،سماجی رہنما بشارت نوری، حامد جمیل، حمزہ شاہین، مقصود کیانی سمیت سیاسی،سماجی، مذہبی شخصیات کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ مہاجرین و انصار کی کثیر تعداد نے بھارت اور امریکہ کے گٹھ جوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ متحدہ جہاد کونسل امریکہ کی جانب سے سید صلاح الدین احمد اور حزب المجاہدین پر لگائی جانیوالی پابندیوں کو مسترد کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب المجاہدین کشمیر کے مقامی نوجوانوں پر مشتمل ایک ریاست گیر تنظیم ہے جو اپنی قوم کی آزادی کیلئے بھارت کی سات لاکھ مسلح افواج کیخلاف برسر پیکار ہے۔ امریکہ نے اپنے معاشی مفاد کیلئے حزب المجاہدین پر پابندی لگائی جسے پوری کشمیری قوم مسترد کرتی ہے۔ (سی این ایس)

Comments are closed.