ہمت مرداں ،مدد خدا ،کشمیری معذور کرکٹر ٹیم ایڈیا کے معذور کرکٹ ٹیم میں شامل
اعجاز ڈار
سرینگر /12 اگست / جنوبی قصبہ بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے معروف بین الااقوامی کرکٹر پرویز رسول کے بعد قصبہ بجبہاڑہ سے ہی تعلق رکھنے والے جموں کشمیر میں جسمانی طور معزور افراد کے کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عامر حسین لون کو کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے پراب ٹیم انڈیا کے جسمانی طور نا خیز افراد کی کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔عامر کو ٹیم انڈیا میں شامل کرنے پر قصبہ بجبہاڑہ میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ عامر حسین لون ٹیم انڈیا کیلئے منتخب ہونے پر انتہائی خوش نظر آرہا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق کھیل کے میدان میں وادی کشمیر کے کھلاڑیوں کی طرف سے بیرون ریاستوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا سلسلہ جاری ہے ۔جہاں وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان او ر ہونہار کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بیرون ریاستوں میں سونے اور چاندی کے تمغے حاصل کئے ، وہاں کرکٹ اور فٹ بال میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح کے ٹیموں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ۔ کرکٹ کے کھیل میں جنوبی قصبہ بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے معروف کھلاڑی پرویز رسول کا ٹیم انڈیا میں انتخاب کے بعد قصبہ بجبہاڑہ کے جسمانی طور نا خیز کرکٹ کھلاڑی نے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کرکے ٹیم انڈیا کے جسمانی طو ر نا خیز افراد کی ٹیم میں اپنی جگہ بنالی ۔عامر حسین لون نامی اس کھلاڑی کا انتخاب لکھنو اور دلی میں منعقد ہونے جارہے بین الاقوامی مقابلوں سے چند ماہ قبل کیا گیا ہے اور وہ اس سطح تک پہنچنے والے ریاست کے پہلے کھلاڑی ہیں۔پیرا انڈین کرکٹ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر صدیق قریشی نے ایک مقامی انگریزی نیوز پورٹل کیساتھ بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عامر کو اْنکے بہترین کھیل اور تکنیک کی وجہ سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ انڈین پیرا کرکٹ کونسل دسمبر میں لکھنو اور دلی میں انٹرنیشنل پیرا کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے جارہا ہے جس میں افغانستان اور ملیشیاء کی ٹیمیں شرکت کریگی ۔اْنہوں نے کہا کہ عامر اس ٹورنامنٹ میں کھیلیں گے اور اْنہیں اْمید ہے کہ وہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرینگے۔واگہامہ بجبہاڑہ کی بستی سے تعلق رکھنے والا عامر حسین نامی کھلاڑی ایک حادثے میں اپنے دونوں بازو ں سے محروم ہو گیا جس کے بعد انہوں نے کافی محنت و مشقت کے بعد نہ صرف ٹانگو ں اور گردن کی مدد سے تمام کام کرنا کا ہنر سیکھ لیا بلکہ اْنہوں نے کرکٹ کھیلنے کا شوق باقی رکھ کر سب کو حیران کردیا۔وہ اپنی گردن میں بلا پھنسا کر بیٹنگ اور اپنے پیر سے بولنگ کرنے کا انوکھا انداز اپنا چکے ہیں اور خوب نام کما رہے ہیں۔بچپن سے ہی کرکٹ کا دیوانہ رہنے اور کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی کے بنیاد پر اسکو جموں کشمیر پیرا کرکٹ ٹیم کا کپتان منتخب کیا گیا ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر ملکی سطح پر جموں کشمیر کی طرف سے کھیل رہے واحد کھلاڑی پرویز رسول کے گاوں کے پڑوس کے رہائشی ہیں۔گزشتہ سال اْنکی کہانی میڈیا میں آئی تو وہ کافی مشہور ہوگئے تھے جسکے بعد اْنہیں ریاست میں پیرا کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ ایک اخبار کے ساتھ بات کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کیلئے اپنے انتخاب پر وہ انتہائی خوش ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ اْنہیں حال ہی لکھنو میں ہوئی ٹرائلز کے بعد میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا جا چکا ہے اور وہ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کیلئے انتہائی اْتاولے ہو رہے ہیں۔
Comments are closed.