بلدیاتی و پنچایتی انتخابات : پیراملٹری فورسز کی 400 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی:چیف سیکریٹری

انتخابات کے دوران ڈیوٹی دینے والے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائیگی

سری نگر ، جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ ریاست میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی 400 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان انتخابات کے حوالے سے ریاستی عوام میں کافی جوش وخروش پایا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ انتخابی ڈیوتی پر تعینات کئے جانے والے سرکاری ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران امیدواروں کے ساتھ ساتھ انتخابی عملے کو بھی معقول سیکورٹی کور فراہم کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری سبھرامنیم نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انتخابات لڑنے والے امیدواروں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کسی بھی طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ ریاست میں بلدیاتی انتخابات ستمبر اکتوبر جبکہ پنچایتی انتخابات اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں کرائے جارہے ہیں۔

سبھرامنیم نے انتخابات کے لئے تعینات کئے جانے والے سیکورٹی فورس کمپنیوں کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے کہا ’ان انتخابات کے لئے سیکورٹی فورسز کی 400 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ یہ یہاں پہلے سے موجود ریاستی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اضافی ہے۔ یہ تعداد انتخابات کرانے کے لئے کافی ہے۔

ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی انتخابات ہونے والے ہیں۔ وہاں بھی سیکورٹی فورسز کی ضرورت ہے۔ ہمیں تصور نہیں تھا کہ ہمیں 400 کمپنیاں فراہم کی جائیں گی‘۔

انہوں نے کہا ’سیکورٹی کے حوالے سے کچھ خدشات ہیں۔ عملے، امیدواروں اور پورے انتخابی عمل کے حوالے سے خدشات ہیں۔ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہم نے سب کے لئے مثالی سیکورٹی انتظامات کئے ہیں۔ یہ انتخابات بے مثال سیکورٹی انتظامات کے بیچ کرائے جائیں گے‘۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ انتخابات کے دوران ڈیوٹی دینے والے سرکاری ملازمین کے حق میں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائیگی جبکہ ایس پی اوز کی تنخواہ مین آئندہ دو دن میں بڑا اعلان کیا جائیگا.

چیف سکریٹری نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران جنوبی کشمیر میں خیمہ زن ہیں۔ انہوں نے کہا ’پولیس سربراہ (دلباغ سنگھ) اننت ناگ میں خیمہ زن ہیں۔ (بشمولات یو ا ین آئی)

Comments are closed.