حزب المجاہدین کے دعویٰ کے بعد سملر بانڈی پورہ جھڑپ کا نیا موڑ

سرینگر : عسکری تنظیم حزب المجاہدین کی جانب سے کئے گئے دعوے کے بعد سملر بانڈی پورہ جھڑپ نے اُس وقت نیا موڑ لیا جب گاندربل اور جنوبی ضلع کولگام اور شوپیان کے دو خاندانوں نے دعویٰ کیا کہ جاں بحق جنگجو اُنکے لخت جگر ہیں .

تفصیلات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کے قصبہ کنگن کی ایک فیملی نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ سملر باندی پورہ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے پانچ جنگجوئوں میں ایک جنگجو پرویز احمد ٹیڈوا عرف انو مائویا اُن کا بیٹا ہے.

جاں بحق جنگجو کے بھائی محمد رفیق نے بتایا کہ ہم نے پولیس سے رابط کیا اور اُن سے کہا کہ پرویز احمد ٹیڈوا ولد غلام نبی ساکنہ ہائن پالپورہ کنگن اُن کا بیٹا یا بھائی ہے.

ان کا کہناتھا کہ پرویز 2003 سے لاپتہ تھا اور تصاویز سے ہم نے اُسکی شناخت کی وہ جاں بحق ہوگیا ہے.ایس ایس گاندربل محمد خلیل پوسوال کا کہنا ہے کہ ہائن پالپورہ کے ایک کنبے نے ہم سے رابط قائم کیا اور دعویٰ کیا کہ سملر بانڈی پورہ میں جاں بحق جنگجو ئوں میں سے ایک اُن بیٹا ہے.

ان کا کہناتھا کہ ہم اُن سے کہا کہ وہ بانڈی پورہ پولیس سے رابط کریں ،کیونکہ کیس اُنکے حدود میں آتا ہے.ادھر جنوبی کشمیر کے دو خاندانوں نے دعویٰ کیا کہ سملر بانڈی پورہ میں جاں بحق ہوئے پانچ جنگجوئوں میں سے دو اُنکے بیٹے ہیں .

رپورٹس کے مطابق جنوبی کشمیر کے دو اضلاع شوپیان اور کولگام سے تعلق رکھنے والے دو خاندانوں نے بتایا کہ سملر بانڈی پورہ میں جاں بحق پانچ جنگجوئوں سے اُنکے بیٹے بھی ہیں .

دونوں خاندانوں کے اہلخانہ بانڈی پورہ پہنچ گئے ،جہاں پانچ جنگجوئوں کی ہلاکت پر مسلسل پانچویں روز بھی ہڑتال کی گئی .

22 ستمبر کو سملر بانڈی پورہ میں ایک معرکہ آرائی میں فوج وفورسز نے پانچ غیر مقامی جنگجوئوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا تھا .

بتایا جاتا ہے کہ دنوں خاندانوں کے اہلخانہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ سے ملاقات کی ،جنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے رابط قائم کریں ،کیونکہ پانچوں جنگجوئوں کو اُنکے حدود میں سپرد لحد کیا گیا ہے.

یاد رہے کہ عسکری تنظیم حزب المجاہدین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانڈی پورہ میں جاں بحق پانچوں جنگجو مقامی تھے۔

ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے حزب آ پریشنل ترجمان برہان الدین کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سملربانڈ ی پورہ جھڑ پ میں مارے گئے نوجوانوں میں حیدر علی ساکن برازلو کولگام، محمد عمر ساکن شوپیان،محمد صدیق ساکن بانڈی پورہ، معاویہ ساکن کنگن اور عثمان ساکن لولاب شامل ہیں۔

حزب ترجمان نے کہا کہ یہ تمام جنگجو ایک ہی گروپ میں شامل تھے جن کو سملر بانڈی پورہ جنگل میں جھڑ پ میں جاں بحق کرنے کے بعد غیر مقامی قرار دیا گیا ۔

ادھرجہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین کی طرف سے تمام عسکر یت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔دریں اثناء بانڈی پورہ ضلع میں سوموار کو جنگجوئوں کی ہلاکت کیخلاف چوتھے روز بھی ہڑتال رہی۔ہڑتال سے کاروباری و تجارتی سرگرمیاں متاثر رہیں جبکہ ٹریفک میں بھی خلل پڑا۔(مشمولات سی این ایس)

Comments are closed.