ترال ،بانڈی پورہ: ترال اور بانڈی پورہ میں جنگجوئوں کی ہلاکت پر تعزیتی ہڑتال رہی ،جسکی وجہ سے ان دونوں قصبوں میں معمولات زندگی کی مفلوج ہو کر رہ گئے .
اطلاعات کے مطابق جنوبی قصبہ ترال میں پیر کے روز جاں بحق جیش محمد کے غیر مقامی اعلیٰ کمانڈر کی یاد میں تعزیتی ہڑتال رہی .
قصبہ میں دکانات ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز بند رہے سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل متاثر رہا .پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا .
ہڑتال کے باعث ترال میں ہو کا عالم دیکھنے کو ملا .یاد رہے کہ اتوار کے روز آری پل ترال میں ایک معرکہ آرائی کے دوران جیش محمد کا اعلیٰ کمانڈر جسکی شناخت ادنان کے بطور کی گئی ،جاں بحق ہوا تھا .
انکائونٹر مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران فورسز کی کارروائی میں تین مظاہرین زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک نوجوان کی حالت نازک بنی ہوئی تھی .
ادھر شمالی قصبہ بانڈی پورہ میں پیر کے روز مسلسل چوتھے روز بھی تعزیتی ہڑتال رہی .یہ ہڑتال سمگلر جنگل میں معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے پانچ غیر مقامی جنگجوئوں کی یاد کی گئی .
اطلاعات کے مطابق بانڈی پورہ میں پیر کے روز مسلسل چوتھے روز بھی دکانات ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز بند رہے جبکہ یہاں بھی درس وتدریس کا عمل متاثر رہا .
سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا جسکی وجہ سے بانڈی پورہ میں ہو کا عالم رہا .حساس علاقوں میں پولیس وفورسز کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ،تاکہ کسی بھی امکانی احتجاج کو روکا جاسکے .
یاد رہے کہ سملر بانڈی پورہ کے جنگل میں گزشتہ جمعرات کے روز 14 آر آر ،ایس اوجی اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے مشترکہ تلاشی کارروائی عمل میں لائی ،جس دوران یہاں موجود جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا.
جمعہ کی شام فوج وفورسز نے یہاں پانچ جنگجوئوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا تھا .ان جنگجوئوں کی شناخت غیر مقامی جنگجوئوں کے بطور کی گئی تھی .
Comments are closed.