پولیس اہلکاروں کی ہلاکتیں : جنوبی کشمیر میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن،پُرتشدد جھڑپیں

سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے دو دیہات میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں کے بعد فوج وفورسز نے پلوامہ اور شوپیان میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی .

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی صبح فوج وفورسز نے پلوامہ کے 8 دیہات کا بیک وقت محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر جنگجومخالف آپریشن شروع کیا .

پلوامہ میں فوج کی 55 آر آر ،53 آر آر ،23 پیرا ،ایس او جی اور 182،183 بٹالین سی آر پی ایف نے نصف درجن زیادہ دیہات کا ہفتہ کی علی الصبح محاصرہ کیا اور یہاں گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی .

بتایا جاتا ہے کہ پلوامہ ایک درجن دیہات بشمول لاسی پورہ، عالی پورہ، آرمولہ، بٹہ نور، غاربگ، ناؤ پورہ پائین، اچھن اور حاج ڈار پورہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران رہائشی مکانات کی تلاشی لی جارہی ہیں جبکہ مقامی لوگوں کے شناختی کارڈ دیکھے جارہے ہیں۔ تاہم آخری اطلاعات ملنے تک سیکورٹی فورسز کا جنگجوؤں سے کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا تھا۔

خیال رہے کہ ضلع شوپیان میں جمعہ کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے تین اہلکاروں کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا۔

تاہم ایک پولیس کانسٹیبل کے مغوی بھائی کو رہا کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں گذشتہ چند ماہ کے دوران جنگجوؤں کے متعدد پوسٹر نمودار ہوئے جن میں ریاستی پولیس کے اہلکاروں بالخصوص ایس پی او کو نوکریاں چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

جنگجوؤں نے گذشتہ ماہ کے اواخر میں 11 پولیس اہلکاروں کے 11 قریبی رشتہ داروں کو اغوا کیا تھا۔ تاہم حزب المجاہدین نے بعدازاں سبھی 11 رشتہ داروں کو رہا کیا تھا۔

شوپیان میں تلاشی کارروائی کے دوران تشدد بھڑک اٹھا

اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع شوپیان میں بھی فوج وفورسز نے جنگجو مخالف آپریشن ہفتہ کی صبح عمل میں لایا ،جس دوران یہاں تشدد بھڑک اٹھا .

معلوم ہوا ہے کہ فوج وفورسز کی ایک بھای جمعیت نے شرمال شوپیان نامی گائوں کا محاصرہ کیا اور یہاں گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کردی .

معلوم ہوا ہے کہ گھر گھر تلاشی کارروائی کے دوران نوجوانوں کی ٹولیاں مختلف سمت سے سڑکوں پر نمودار ہوئیں ،جنہوں نے محاصرہ مخالف نعرہ بازی کی .

احتجاجی مظاہرین نے تلاشی کارروائی میں رخنہ ڈالتے ہوئے مزاحمت کی اور مشتعل ہو کر فورسز پر خشت باری کی ،جس کے جواب میں فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کی .

شوپیان میں تلاشی کارروائی تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد شروع کی گئی .

Comments are closed.