نریندر مودی اور عمران خان بھی ملیں تو اچھی بات ہوگی: عمر عبداللہ
سرینگر// ہندوستان اور پاکستان کی طرف سے دوستی کی نئی پہل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی طرف سے نیویارک میں وزرائے خارجہ کی ملاقات کیلئے راضی ہونا ایک اچھی بات ہے۔
لیہہ لداخ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ”یہ جو پہل ہوئی ہے اس پر مزید پیش رفت ہونی چاہئے کیونکہ آخر کار بات چیت سے ہی مسئلے حل ہوتے ہیں، دونوں ملکوں نے بہت جنگیں لڑیں ہیں، پچھلے 30سال سے ہماری ریاست بھی بندوق کی شکار ہے۔ امن اور بات چیت کے علاوہ مسائل کا کوئی حل نہیں،کافی وقت سے ہندوستان اور پاکستان کے رشتوں میں اتنی کھٹاس آئی ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کرنے کیلئے راضی نہیں ہورہی تھے، آج ایک نئی شروعات ہوئی ہے اور اس نئی شروعات کو یہاں پر ہی ختم ہونے نہیں دینا چاہئے،ان مذاکرات کو خوش اصلوبی اور خلوص نیت کیساتھ منطقی انجام تک پہنچایا جانا چاہئے۔“
انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعظم ہند نریندر بھی اگر کہیں ملیں تو یہ دونوں ممالک بالخصوص جموں وکشمیر کیلئے بہت اچھی بات ہوگی کیونکہ ہر کسی کو یہ ماننا چاہئے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا سب سے زیادہ خمیازہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھگتنا پڑتا ہے اور ان دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کا فائدہ بھی ہمیں پہنچتا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ان دونوں ممالک کے رشتے ٹھیک ہوں تاکہ جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے عوام امن کا فائدہ اُٹھا سکیں اور چین کی زندگی گزار سکیں۔
Comments are closed.