ڈرون کے شہری استعمال کو ملی منظوری،ہوم ڈلیوری ابھی نہیں

نئی دہلی ، ملک میں ڈرون کے شہری استعمال کو منظوری مل گئی ہے ،حالانکہ ڈرون سے ہوم ڈلیوری کے لئے ابھی اور انتظار کرناہوگا ۔

شہری ہوابازی کے وزیرسریش پربھو اور محکمہ کے وزیرمملکت جینت سنہانے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں ریموٹلی پائلٹیڈ ایئرکرافٹ سسٹم (آر پی اے ایس )کے ضوابط کا اجراکیا۔ان ضوابط کا خاکہ گزشتہ سال یکم نومبر کو پیش کیاگیاتھا۔مسٹر پربھو نے کہاکہ حالانکہ ابھی سامان کی ڈلیوری کے لئے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی ،لیکن دیگر کئی مقاصد کے لئے اسکا استعمال کیاجاسکتاہے ۔کیرالہ میں حال ہی میں آئے سیلاب کے دوران اسکا استعمال کیاگیا۔زرعی سروے میں بھی ڈرون کارآمد ہوسکتے ہیں ۔

قدرتی آفات میں راحت پہنچانے کے لئے سرکاری ایجنسیوں کو ڈرون سے سامان پہنچانے کی اجازت بھی دی جائیگی ۔ایئرپورٹ،بین الاقوامی سرحدوں ،سمندری ساحلوں ،دہلی میں وجے چوک اور ریاستوں میں سکریٹریٹ اور اسٹریٹجک علاقوں اور فوجی اڈوں کے آس پاس ’نو ڈرن زون ‘ہوگا۔

ڈرون کے شہری استعمال کی اجازت اس سال یکم دسمبر سے نافذالعمل ہوگی ۔انکے رجسٹریشن ،آپریٹر پرمٹ اور پرواز سے پہلے درخواست اور فلائٹ پلان اپلوڈ کرنے کے لئے ’ڈیجیٹل اسکائی ‘نام سے ایک پلیٹ فارم تیار کیاجارہاہے جو یکم دسمبر سے آن لائن ہوجائے گا۔اسکا لنک شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے )کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔

نینوڈرون (250گرام وزن تک )کے لئے کسی پیشگی اجازت یا رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی ۔یہ زیادہ سے زیادہ 50فٹ کی بلندی تک پروازکرسکیں گے ۔

مائیکروڈرون (250گرام سے زیادہ اور دوکلوگرام تک وزن والے )کے لئے یونیک آئیڈینٹی فکیشن نمبر ،نو پرمیشن ،نو ٹیک آف ٹکنالوجی اور مقامی پولیس سے اجازت لینی ضروری ہوگی ۔یہ زیادہ سے زیادہ 200فٹ کی بلندی تک پرواز کرسکیں گے ۔

دوکلوگرام سے زیادہ وزن والے (اسمال ،دوسے 25کلوگرام تک ،میڈیم 25سے 150کلوگرام تک اور بڑے 150کلوگرام سے وزنی )ڈرون کے لئے رجسٹریشن اور آپریٹر پرمٹ کےساتھ ہی پرواز سے قبل فلائٹ پلان بھرنا بھی لازمی ہوگا ۔انھیں زیادہ سے زیادہ 400فٹ تک کی بلندی پر پروازکرنے کی اجازت ہوگی ۔

فلائٹ پلان کے راستہ سے بھٹکنے پر ڈرون خود بخود اسی مقام پر واپس آجائیگا جہاں سے اس نے پروازکی تھی ۔اسکے لئے چھوڑ کر سبھی زمروں کے ڈرون میں ’ریٹرن ٹو ہوم ‘ٹکنالوجی کو لازمی بنایاگیاہے ۔نینوکو چھوڑ کر دیگرڈرون کےلئے جی پی ایس ،اینٹی کولیژن لائٹ ،آئی ڈی پلیٹ ،فلائٹ ڈاٹا لاگنگ صلاحیت اور آر ایف آئی ڈی اور سبسکرائبرآئیڈینٹٹی ماڈیول کو بھی لازمی قراردیاگیاہے ۔ان فیچرزکے بغیر 250گرام سے زیادہ وزنی ڈرون کو یونیک آئیڈینٹی فکیشن نمبر جاری نہیں کیاجائیگا۔(یواین آئی)

Comments are closed.