پانتھ چوک میں سی آر پی ایف اہلکاروں نے ڈرائیور کی ہڈی پسلی ایک کردی نازک حالت میں صورہ منتقل مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں، فورسز نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے بے تحاشہ شلنگ کی دو خواتین سمیت ایک درجن افراد زخمی
سرینگر10 ؍؍جولائی ؍ ؍ پانتھ چوک میں فورسز اہلکاروں کی جانب سے ڈرائیور کا زد کوپ کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے بے تحاشہ ٹیر گیس شلنگ کی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز کے ہاتھوں زخمی ڈرائیور کو نازک حالت میں جے وی سی بمنہ سے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا ۔ پانتھ چوک میں جموں سرینگر شاہراہ پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ۔ جے کے این ایس کے مطابق پانتھ چوک سرینگر میں اُس وقت لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے جب 29بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ اہلکاروں نے مسافر بردار گاڑی کے ڈرائیور جس کی شناخت فردوس احمد ساکنہ فرستہ بل پانپور کے بطور ہوئی ہے کو پکڑ کر اُس کی ہڈی پسلی ایک کردی ۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور کے سر پر بندوقوں کے بھٹوں سے وار کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر زمین پر گر پڑا۔ علاقہ میں خبر پھیلتے ہی مرد و زن ، بوڑھے اور بچے سڑکوں پر نکل آئے اور فورسز زیادتیوں کے خلاف جموں سرینگر شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ۔ احتجاج کرنے والوں کے مطابق بغیر کسی اشتعال کے سی آر پی ایف اہلکاروں نے ڈرائیور کی ہڈی پسلی ایک کردی اور اُس کو نازک حالت میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ شاہراہ پر دھرنا دینے والوں کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے لاٹھی چارج کیا جس پر لوگ مشتعل ہوئے اور پتھراو کیا ۔ نمائندے کے مطابق پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے لاٹھی چارج کے بعد بے تحاشہ ٹیر گیس شلنگ کی جس کے نتیجے میں دھرنے پر بیٹھے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ نمائندے کے مطابق ٹیر گیس شلنگ کے باعث دو خواتین سمیت ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق ڈرائیور کی حالت صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں نازک بنی ہوئی ہے۔ دریں اثنا سی آر پی ایف ذرائع نے مقامی لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ڈرائیور کا زد کوپ نہیں کیا ۔ سی آر پی ایف کے مطابق معمول کے مطابق سی آر پی ایف اہلکار پانتھ چوک کے نزدیک ناکہ پر بیٹھے تھے کہ اس دوران شر پسند عناصر نے پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور بعد میں اشک آور گیس کے گولے داغے گئے ۔
Comments are closed.