لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملککاسیدہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی جموں میں اسیری کی سخت الفاظ میں مذمت
لبریشن فرنٹ وفود کا اسلام آباد و پلوامہ کا تفصیلی دورہ‘ حالیہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا
/04 جولائی //ایک خاتون جو کبھی ہمارے شہداء کی لاشوں پر مگرمچھی آنسو بہایا کرتی تھیں اور آئے روز سڑکوں پر آکر انسانی حقوق کی پامالیوں پر احتجاج کرتی نظر آتی تھیں نے حکمرانی پاتے ہی کشمیر کو ایک قتل گاہ اور بڑے جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور انکی دست راس فہمیدہ صوفی کی طویل گرفتاری نام نہاد حکمرانوں کی اسی منافقانہ سیاست کا منہہ بولتا ثبوت ہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین جناب محمد یاسین ملک نے سرینگر سینٹرل جیل سے بھیجے گئے اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ سیدہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی طویل گرفتاری اور انہیں جموں کے سخت حالات میں قید رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ایک خاتون کہ جو مختلف امراض میں مبتلا ہیں اور عرصۂ دراز سے بیمار ہیں کو نہ صرف یہ کہ کالے قانون پی ایس اے کے تحت قید کیا گیا ہے بلکہ انہیں اپنی ساتھی فہمیدہ صوفی سمیت جموں جیل منتقل کرکے مذید تکلیف میں ڈالا گیا ہے جہاں وہ ایک عرصے سے مصائب برداشت کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک خاتون حکمران جو اقتدار میں آنے سے قبل لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے‘ ہمارے شہداء کی لاشوں پر مگرمچھی آنسو بہایا کرتی تھیں نیز قتل و غارت اور قید و بند نیز دوسرے انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر احتجاج کرتی رہتی تھیں کا یہ ظالمانہ، جابرانہ طرز عمل اور خواتین کے تئیں مخاصمت کا رویہ دراصل ان کی منافقانہ سوچ اور دو مونہی سیاست کا واضح اظہار ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں جاری یہ سارے غیر انسانی کام دراصل پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت کی منافقت اور دو رخی سیاست کاری کا واضح ثبوت ہیں اور محترمہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی صاحبہ کی گرفتاری ،انکی جموں جیل منتقلی اور کالے قوانین لگاکر ان کی اسیری کو طول دینے کا عمل اسی منافقت کا غماز ہے۔ عالمی انسانی حقق اداروں سے اس کشمیر و مسلم دشمنی کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے جے کے ایل ایف محبوس چیئرمین نے کہا کہ عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھارت اور اسکے گماشتوں کے عذاب و عتاب سے بچانے کیلئے آگے آئے اور کشمیریوں کی جان و مال و عزت و آبرو کی حفاظت نیز قید و بند کے مصائب میں مبتلا کئے گئے ہزاروں کشمیریوں کی رہائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کاوشیں تیز تر کرے۔
درایں اثناء لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال اور ضلع صدر پلوامہ جاوید احمد بٹ کی سربراہی میں دو اعلیٰ سطحی وفود نے آج سوف شالی کوکرناگ،برنٹھی دیالگام ،دہران اسلام آباد،کلر پلوامہ اور بامنو پلوامہ کا دورہ کیا اور وہاں حالیہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ نور محمد کلوال کے ساتھ وفد میں سینئر قائد ظہور احمد بٹ،محمد صدیق شاہ،اسلام آباد ضلع صدر محمد اسحاق گنائی اور ذمہ دار محمد اسحاق ملک شامل تھے جنہوں نے سوف شالی اور دوسرے مقامات پر جاکر شہید بشیر احمد وانی ( لشکری) ،شہید طاہرہ بانو اورشہید طارق شاداب چوپان کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی جبکہ دوسرے وفد نے شہید کفایت احمد اور شہید جہانگیر احمد کے گھر جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ جے کے ایل ایف قائدین نے اس موقع پر شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کا مقدس لہو کسی بھی صورت میں رائیگان نہیں جانے دیا جائے گا اور انکے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری و ساری رکھی جائے گی۔ ان شاء اللہ۔شہداء کیلئے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے فرنٹ قائدین نے ان کے غم زدہ لواحقین کیلئے بھی صبر جمیل و جزیل کی دعائیں کیں۔
Comments are closed.