ڈوڈہ اور بدرواہ میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ، ندی نالوں میں طیغانی ، اسکول اور کالج تا حکم ثانی بند
ایک طالبہ غرقہ آب ، تین کو بچایاگیا ۔ سیلابی پانی سے درجنوں رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا
سرینگر؍30؍جون؍؍ ڈوڈہ اور بدرواہ میں بادل پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ رات بھر بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی آنے کے باعث سیلابی پانی رہائشی بستیوں میں داخل ہو گیا ہے۔ بدرواہ میں نالہ نیرو میں طغیانی آنے کے نتیجے میں طالبہ کو پانی کے تیزبہاو نے بہا کر لیا اس دوران تین دوشیزاؤں کو بچایا گیا۔ ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے تا حکم ثانی بدرواہ اور اُسکے ملحقہ علاقوں میں اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق وادی چناب میں تیز بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اس دوران کئی رہائشی علاقوں میں سیلابی پانی نے تباہی مچا ئی ہے۔ نمائندے کے مطابق ڈوڈہ اور بدرواہ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں نالہ نیرو میں طغیانی آئی جس کے نتیجے میں سیلابی پانی درجنوں رہائشی بستیوں میں گھس گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگ گھروں میں پھنس کر رہ گئے ۔ نمائندے کے مطابق بدرواہ کے دور افتادہ گاؤں میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب اچانک نالہ میں آئی طغیانی نے چار دوشیزاؤں کو بہا کر لیا اس دوران آس پاس موجود لوگوں نے تین لڑکیوں کو بچایا تاہم ایک کو پانی کے تیز بہا ونے بہاکر لیا۔ نمائندے کے مطابق غرقہ آب ہوئی دوشیزہ کی شناخت شیتل بھارتی دختر ستیش کمار ساکنہ ٹرون ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ محمد شریف کے مطابق ندی نالوں میں طغیانی آنے کے بعد اسکولوں اور کالجوں کو تا حکم ثانی بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طالب علموں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ دریں اثنا ڈوڈہ کے کئی گاؤں کٹ کر رہ گئے ہیں کیونکہ چٹانیں کھسکنے کے نتیجے میں شاہراؤں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق چٹانیں کھسکنے کے نتیجے میں ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے شاہراؤں کی مرمت کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔
Comments are closed.