پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں نوجوانوں کو گرفتار کرکے لواحقین کے حوالے کیا گیا /کپواڑہ پولیس 

پاکستانی زیر انتظام کشمیر جانے والے کپواڑہ کے 4لڑکے گرفتار

سرینگر29؍؍جون ؍  سرحدی ضلع کپواڑہ میں پولیس نے چار لڑکوں کو لائن آف کنٹرول کے نزدیک گرفتار کیا ۔ ایس ایس پی کپواڑہ کے مطابق مذکورہ نوجوان لائن آف کنٹرول پار کرکے پاکستانی زیر انتظام کشمیر جانے کی فراق میں تھے کہ عین موقعے پر پولیس نے انہیں گرفتار کیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق سرحدی ضلع کپواڑہ کے گلگام گاؤں میں چار لڑکے اچانک لاپتہ ہوئے اور لواحقین نے اس سلسلے میں پولیس کو آگاہ کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر چار مقامی لڑکوں کی تلاش شروع کی اور مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد انہیں لائن آف کنٹرول کے نزدیک گرفتار کرکے پوچھ تاچھ کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا ۔ ایس ایس پی کپواڑہ شمشیر حسین نے تفصیلا ت فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ 27جون کو پولیس اسٹیشن میں لواحقین نے گمشدگی کی رپورٹ درج کی جس کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر لاپتہ چار مقامی لڑکوں کو تلاش کرنا شروع کیا ۔ ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں میں بھی لاپتہ لڑکوں کو تلاش کرنا شروع کردیا ۔ ایس ایس پی کے مطابق لائن آف کنٹرول کے نزدیک نالہ کے قریب پولیس نے لاپتہ چار لڑکوں کو باز یاب کرکے انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ ایس ایس پی کے مطابق دوران پوچھ تاچھ گرفتار کئے گئے مقامی لڑکوں نے بتایا کہ وہ پاکستانی زیر انتطام کشمیر جانا چاہتے تھے ۔ایس ایس پی کے مطابق مقامی لڑکے لائن آف کنٹرول کے نزدیک کیسے پہنچنے اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پوچھ تاچھ اور کونسلنگ کے بعد گرفتار کئے گئے لڑکوں کو لواحقین کے حوالے کیا گیا ۔ مقامی لوگوں نے ایس ایس پی کپواڑہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ عین موقعے پر پولیس نے کارروائی عمل میں لا کر نوجوانوں کو سرحد ی علاقہ کے نزدیک باز یاب کرکے لواحقین کے حوالے کیا جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہیں۔

Comments are closed.