عسکریت پسندوں کے امکانی حملوں کو ٹالنے کیلئے فوج متحرک /کور کمانڈر
جنوبی کشمیر میں راشٹریہ رائفلز کے 5اضافی بٹالین کو تعینات کیا گیا ہے
سرینگر29؍؍جون ؍ 15کارپس کے کمانڈر نے کہاہے کہ امر ناتھ یاترا کے دوران جنگجو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کیلئے یاتریوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع میں پانچ ہزار اضافی فوجی اہلکاروں کو تعینات کیا گیاہے۔ کور کمانڈر کے مطابق فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلگام سے لے کر بالہ تل تک یاتریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے ۔ جے کے این ایس کے مطابق کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل ’’جے ایس ساندھو ‘‘ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں پر دباد بنائے رکھنے کیلئے راشٹریہ رائفلز کی پانچ اضافی بٹالین کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ملی ٹینٹ یاتریوں کو نشانہ بناسکتے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے بھگوتی نگر جموں سے پہلگام تک حفاظت کے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ کئی مہینوں کے دوران فوج نے کامیاب آپریشن کئے جس دوران کئی ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا جن میں کمانڈر بھی شامل تھے ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں پر نظر گزر رکھی جار ہی ہے تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔ کور کمانڈر کے مطابق ریاست خاص کر وادی کشمیر میں حالات دن بدن معمول پر آرہے ہیں تاہم عسکریت پسند اپنی موجودگی کا احساس دلانے کیلئے پولیس وفورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوج اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے ، مقامی لوگوں فوج کو اپنا بھر تعاون دے رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل جے ایس ساندھو کے مطابق نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری نوجوانوں کو اکسا کر انہیں تشدد کی طرف دھکیلنے کیلئے منصوبہ بند ی کر رہا ہے تاہم انہیں ہر گز اس کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل ساندھو کے مطابق فوج کی جانب سے لوگوں کو راحت فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کیلئے بھی فوج نے کارروائی شروع کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ کور کمانڈر کے مطابق ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں۔
Comments are closed.