ترجمان کی جانب سے دیا گیا بیان ناقابل برداشت ہے، جنید اعظم متو کو اس ضمن میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں /علی محمد ساگر
نیشنل کانفرنس کے ترجمان جنید اعظم متو نے نوہٹہ کے لوگوں کے متعلق قابل اعتراض بیان دیا ، شیرا بکرا تاریخ کو بھی دہرایا
سرینگر؍25؍جون؍ جے کے این ایس؍؍ ایس ڈی پی او کی مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد نیشنل کانفرنس کے ترجمان کی جانب سے شہر خاص کے نوہٹہ علاقہ میں 90فیصد لوگوں کو منشیات کا عادی قرار دینے کے بعد سماجی وئب سائٹوں پر ہنگامہ بپا ہوا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور خانیار حلقے کے ممبرا سمبلی نے پارٹی ترجمان کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ترجمان کو پارٹی ہیڈ کواٹر پر طلب کرکے اس ضمن میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ۔ جنرل سیکریٹری نے پارٹی ترجمان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق تاریخی جامع مسجد سرینگر کے باہر ایس ڈی پی او کی ہلاکت کے بعد نیشنل کانفرنس کے ترجمان جنید اعظم متو نے فیس بک پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہر خاص کے نوہٹہ علاقہ کی 90فیصد آبادی منشیات کی عادی ہے ۔ این سی ترجمان کی جانب سے شہر خاص کے لوگوں کی تذلیل کرنے کے بعد فیس بک، وائٹس اپ پر نیشنل کانفرنس کے تئیں نوجوانوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے۔ فیس بک پر نوہٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے لکھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نوہٹہ کے رہنے والے ہیں کیونکہ یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔نمائندے کے مطابق نوہٹہ کے لوگوں کا منشیات کا عادی قرار دینے کے بعد این سی ترجمان نے سنیچر کے روز فیس بک پر پھر سے قابل اعتراض بیان دیتے ہوئے شیرا بکرا کی یاد دلائی ۔ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور خانیار حلقے کے ممبرا سمبلی علی محمد ساگر نے جنید اعظم متو کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کا اس بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہیں۔ علی محمد ساگر نے بتایا کہ جنید اعظم متو کی جانب سے سماجی وئب سائٹوں پر قابل اعتراض بیان دینے کے بعد اسے فوری طورپر پارٹی ہیڈ کواٹر طلب کیا گیا جہاں پر اُس نے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہاکہ اُس نے انہیں منشیات کا عادی قرار دیا جنہوں نے ایس ڈی پی او کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا ۔ علی محمدساگر نے کہاکہ شہر خاص کے نوہٹہ علاقہ کے معزز شہریوں ، سیاستدانوں نے فون کرکے بتایا کہ جنید متو کی جانب سے دئے گئے بیان سے اُن کو ذاتی طورپر تکلیف پہنچی ہے۔ علی محمد ساگر نے کہاکہ نوہٹہ کے لوگ سیاسی طور پر بالغ نظر ہے ، میرواعظ خاندان کو پوری وادی میں عزت کی نظروں سے دیکھا جارہا ہے ۔علی محمد ساگر سے جب یہ پوچھا گیا کہ جنید اعظم متو نے شیر ا بکر ا کے حوالے سے بھی بیان دیا ہے تو اُن کا کہنا تھا کہ شیرا بکرا کے حوالے سے جنید اعظم متو کی جانب سے دیاگیا بیان ناقابل برداشت ہے اور ترجمان کو اس پر بھی اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے ۔ دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ آغا روح ا ﷲ نے جنید اعظم متو کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
Comments are closed.