پانتھ چوک میں دہلی پبلک اسکول کے نزدیک سی آر پی ایف پر جنگجوئوں نے گھات لگا کر حملہ کیا 1سی آر پی ایف اہلکار ہلاک 2زخمی ، عام شہری کراس فائرنگ میں مضروب
دہلی پبلک اسکول عمارت کو پولیس وفورسز نے محاصرے میں لیا ، جنگجومخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے /سی آر پی ایف ترجمان
سرینگر24؍؍جون ؍ ؍؍ پانتھ چوک میں دہلی پبلک اسکول کے نزدیک عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 1سی آر پی ایف اہلکار موقعے پر ہی ہلاک جبکہ 2شدید طورپر زخمی ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ کراس فائرنگ میں ایک عام شہری بھی زخمی ہوا ہے جسے سرینگر منتقل کیا گیا ۔ مقامی ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان دس منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی وجہ سے پانتھ چوک میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ سی آر پی ایف کے ایک سینئر آفیسر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ 2سے 3عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف گاڑیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک جوان کی موت واقع ہوئی ۔ سی آر پی ایف کے ترجمان راجیش یادو کے مطابق عسکریت پسند دہلی پبلک اسکول کی طرف فرار ہوئے ہیں جنہیں تلاش کرنے کیلئے عمارت کو پوری طرح سے محاصرے میں لیا گیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق پانتھ چوک میں دہلی پبلک اسکول کے نزدیک اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پورا علاقہ گولیوں کی گن گرج سے گونج اٹھا۔ معلوم ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں نے لگاتار دس منٹوں تک سی آر پی ایف گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے اگر چہ انہیں فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے 29بٹالین سی آر پی ایف کے سب انسپکٹر کو مردہ قرار دیا ۔نمائندے کے مطابق سی آر پی ایف گاڑی پر حملے کے بعد پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے پانتھ چوک علاقہ میں محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ خصوصی کمانڈوز نے دہلی پبلک اسکول عمارت کے ارد گرد پہرے بٹھا دئے ہیں اور فورسز کو شک ہے کہ 2سے 3عسکریت پسندوں نے اسکول عمارت میں پناہ حاصل کی ہے۔ نمائندے کے مطابق عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان کراس فائرنگ میں ایک عام شہری جس کی فوری طورپر شناخت نہیں ہو سکی شدید طورپر زخمی ہوا جسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی آر پی ایف ترجمان راجیش یادو نے حملے کے سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ 2سے 3عسکریت پسندوں نے دہلی پبلک اسکول پانتھ چوک کے نزدیک سی آر پی ایف گاڑیوں پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوا۔ سی آر پی ایف ترجمان کے مطابق فورسز نے بھی جوابی کارروائی شروع کی جس کے بعد جنگجو دہلی پبلک اسکول کی طرف فرار ہوئے ۔ سی آر پی ایف ترجمان کے مطابق عسکریت پسنددہلی پبلک اسکول کی طرف فرار ہوئے جنہیں تلاش کرنے کیلئے عمارت کے اردگرد پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس وفورسز کو شبہ ہے عسکریت پسند عمارت کے اندر ہی چھپے بیٹھے ہیں تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے اسکول عمارت کو محاصرے میں لیا تاہم اس دوران عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہیں
Comments are closed.