مقدس دن کے موقعے پر شہر خاص میں پولیس کی کارروائی پیشے کے لحاظ سے دکاندار کی گرفتاری عمل میں لائی

سرینگر /22 جون/ شب قدر اور عیدالفطر کے موقعے پر وادی میں گرفتار کئے گئے سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کے لواحقین ان کی رہائی کا بے صبری کے ساتھ ایک طرف انتظار کر رہے ہیں اور دوسری جانب مقدس دن کے موقعے پر شہر خاص میں پولیس نے پیشے کے لحاظ سے دکاندار کی گرفتاری عمل میں لا کر اسکے لواحقین کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ۔ اے پی آئی کے مطابق شہر خاص کے نوہٹہ علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب پولیس کی ایک جمعیت کئی گاڑیوں میں سوار ہو کر پیشے کے لحاظ سے دکاندار کے دکان تک پہنچ گئی اور وقار احمد مہرکن کو دبوچ کر پولیس گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم جگہ پر پہنچا دیا ۔مذکورہ نوجوان کی گرفتاری کو اس کے والد نے ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اب ان کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے .تین بار میرے لخت جگر پر پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے اس کے خلاف 26کیس درج کئے گئے ،ہر 15دن کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی جا تی ہے اور بار بار اس طرح کی کارروائیوں سے وہ تنگ آگئے ہیں ۔ ادھر پولیس ذرائع نے مذکورہ نوجوان کی گرفتاری کے بارے میں نہ تصدیق نہ تردید کرتے ہوئے حاکمیت کی زبان استعمال کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ سے یہ بھی کہا کہ مذکورہ نوجوان کو کن وجوہا ت کی بناء پر گرفتارکیا گیا ہے اسکی کوئی جوازیت آپ کے پاس نہیں ہے ۔

Comments are closed.