یاترا کے دوران امن قائم کرنے او ر ناخوشگوا ر واقعات کوٹالنے کیلئے افسراں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں /پولیس سربراہ
امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں اٹھا ئے گئے اقدامات کا گورنر نے چندن وارڈی جاکر جائزہ لیا
سرینگر /21 جون// 29جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کیلئے حفاظت کے وسیع تر اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں ، مرکزی حکومت کی جانب سے نیم فوجی دستوں کی 200اضافی کمپنیاں ریاست کو فراہم کی گئی ہیں ،شرائن بورڈ کے چیئر مین نے چندن وارڈی کا دورہ کیا اور امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں سرکار کی جانب سے اٹھا ئے گئے اقدامات کا از خود جائزہ لیا ۔ ادھر جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نے بھی امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیا ل کیا اور پولیس وفورسز کو ہدایت کی کہ بھگوتی نگر ،بالہ تل اور چندن وارڈی کے علاقوں میں تین دائروں والی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ،ادھر سیکوریٹی ایجنسیوں اور امر ناتھ شرائن بورڈ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے یاتریوں سے کہا کہ 3بجکر 30منٹ پر وہ جواہر ٹنل کو پار کریں ،مقرر ہ وقت کے بعد کسی بھی یاتری گاڑی کو جواہر ٹنل پار کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ اے پی آئی کے مطابق 29جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے مرکزی حکومت نے نیم فوجی دستوں کی 200اضافی کمپنیاں روانہ کی ہیں اور نیم فوجی دستوں کی اضافی کمپنیوں کو بیس کیمپ ،بھگوتی نگر ، چندن وارڈی اور بال تل کے علاقوں میں تعینات کرنے کے علاوہ جموں سرینگر شاہراہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تعینات کیا جا رہا ہے ۔یاتریوں کو دی جانے والی سہولیات اور مر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے شرائن بورڈ کے چیئر مین اورریاست کے گورنر این این ووہرا نے چندن وارڈی کا دورہ کیا ،جہاں انہوںنے جموں وکشمیر پولیس ، نیم فوجی دستوں اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پائے تکمیل تک پہنچا نے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ادھر جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے بھی 29جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کو پُر امن طریقے سے منتقی انجام تک پہنچا نے کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے علاوہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کے افسروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران ان پر زور دیا کہ بیس کیمپوں ، بھگوتی نگر ، چندن وارڈی اور بال تل کے مقام پر یاتریوں کو تین دائروں والی سیکورٹی فراہم کرنے کے جو پہلے ہی احکامات صادر کئے گئے ہیں ان پر من و عن عمل کی جانے چاہیے او ر شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ 29جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کے دوران کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو سکے ۔ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نے افسروں پر زور دیا کہ گڑ بڑ پھیلانے والوں اور امن میں رخنہ ڈالنے کی کارروائیاں انجام دینے والوں کے ساتھ سختی سے نپٹاجائے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ یاتریوں کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلا نہ ہونا پڑے ۔ادھر سیکورٹی ایجنسیوں اور امر ناتھ شرائن بورڈ انتظامیہ کی جانب سے یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے تازہ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں یاتریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دن کے 3بجکر 30پر جواہر ٹنل پار کریں اور مقرر ہ وقت کے بعد کسی بھی یاترا گاڑی کو ٹنل پار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ یاتریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیکورٹی ایجنسیوں اور ٹریفک عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا جا سکے ۔
Comments are closed.