یوگا دن کے موقعے پر عسکریت پسندوں کے حملوں کا خدشہ خفیہ اداروں نے ظاہر کیا

جموں ،ہریانہ ،اترپردیش اور گجرات میں حفاظت کے اقدامات سخت

سرینگر /20 جون/اے پی آئی/ یوگا دن کے موقعے پر اتر پردیش ،ہریانہ اورگجرات میں عسکریت پسندوں کے حملوں کی اطلاع ملنے کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میں ریڈ الرٹ کر کے حفاظت کے اقدامات سخت کر دئیے گئے ،ادھرجموں صوبے میں بھی پولیس و فورسز کو متحرک کر دیا گیا ۔ اے پی آئی کے مطابق لکھنو میں یوگا دن کے موقعے پر وزیر اعظم کی اتر پردیش میں موجودگی کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے حملوں کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے خفیہ اداروں نے کہا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقیم عسکری کمانڈروں کی ایک فون کال انٹر سپٹ کی گئی جس میں عسکری کمانڈر عسکریت پسندوں کو ہدایت دے رہا تھا کہ یوگا کے دن کے موقعے پر ملک کی کئی ریاستوں میں پولیس ، فورسز کے خلاف کارروائیاں انجام دینے کے ساتھ ساتھ اہم سرکاری عمارتوں ، پلوں ،ریلوے اسٹیشنوں ،بس اسٹینڈوں میں بم دھماکے کرانے کیلئے وہ اپنی خدمات انجام دیں ۔ خفیہ اداروں کے مطابق یوگا کے دن کے موقعے پر عسکریت پسند اتر پردیش ،ہریانہ اور گجرات میں حملے کر سکتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے منصوبے بھی تیار کئے ہیں ۔ خفیہ ادارو ں کے مطابق گذشتہ دنوں پٹھانکوٹ میں کئی مشکوک افراد کو دیکھا گیا جبکہ اس کے بعد سامبہ پونچھ کے علاقے میں بھی جدید ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں کی موجودگی کی جانکاری ملی ہے اور ایسے عسکریت پسند ملک کی کئی ریاستوں میں داخل ہونے میںکامیاب ہو گئے ہیں جس کی بنیاد پر حملوںکی گنجائش موجود ہیں ۔ خفیہ اداروں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عسکریت پسند عید الفطر کے دوران بھی بڑے پیمانے پر حملے کر سکتے ہیں ۔ خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد اتر پردیش ،ہریانہ اور گجرات میں ریڈ الرٹ کر کے حفاظت کے اقدامات سخت کر دئیے گئے ہیں ۔ ادھر جموں میں بھی پولیس و فورسز کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے ۔

Comments are closed.